انگلینڈ نے فیفا ورلڈکپ 2022 کے اپنے پہلے میچ میں ہی ٹائٹل کے حصول کیلئے اپنے ارادے ظاہر کردیے، گروپ بی کے اہم میچ میں انگلش ٹیم نے ایران کو 2-6 سے شکست دے دی۔
قطر کے خلیفہ انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ میں انگلینڈ نے ابتدا سے ہی ایران پر دباؤ بنائے رکھا۔
ایران کو دوران میچ اس وقت زبردست جھٹکا لگا جب ان کے تجربہ کار گول کیپر حسین حسینی ساتھی کھلاڑی سے ٹکرانے کے باعث زخمی ہوکر باہر چلے گئے۔
ان کی جگہ پر آنے والے علی بیرانوند کا دفاع انگلش کھلاڑیوں کے آگے ریت کی دیوار ثابت ہوا۔
انگلینڈ نے پہلے ہاف کے اختتام پر ہی 0-3 کی برتری حاصل کرلی تھی جہاں 35ویں منٹ میں جوڈ بیلنگھم، 43ویں منٹ میں بوکایو ساکا اور پہلے ہاف کے ایکسٹرا ٹائم میں رحیم اسٹرلنگ نے گول کیا۔
دوسرے ہاف میں ایران نے نسبتاً بہتر مقابلہ کیا جہاں اس ہاف میں بھی اسے 3 گول لگے، تاہم اس نے بھی انگلینڈ کے خلاف دو گول داغ دیے۔
انگلینڈ کی جانب سے 62ویں منٹ میں بوکایو ساکا نے گول کیا تو 65ویں منٹ میں مہدی تریمی نے گول کرکے ایران کی جانب سے پہلا گول کیا۔
میچ کے 71ویں منٹ میں مارکس رشفورڈ نے گول بنایا جس کے بعد 90ویں منٹ میں جیک گیرالش نے گول کرکے اسکور 1-6 کردیا۔
میچ کے آخری منٹ میں ایران کے مہدی تریمی نے پنالٹی اسٹروک کا فائدہ اٹھایا اور اپنی ٹیم کے لیے دوسرا گول کیا جس کے بعد میچ کا اختتام 2-6 پر ہوا۔