• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فیفا ورلڈ کپ: جاپانی شائقین نے سب کے دل جیت لیے

اسکرین گریب
اسکرین گریب

فیفا ورلڈ کپ 2022 کے دوران جہاں قطر اسلامی تعلیمات کے پرچار سے دیگر تمام اسلامی ممالک کے دل جیت رہا ہے وہیں قطری حکام کے دل جاپانیوں نے جیت لیے۔

فٹ بال ورلڈ کپ 2022 کی افتتاحی تقریب سے ایک ویڈیو خوب وائرل ہو رہی ہے، جس میں جاپانی شائقین کو تقریب کے اختتام پر کچرا اُٹھاتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

یوں تو اسلامی تعلیمات کے مطابق صفائی نصف ایمان ہے لیکن اس معاملے میں جاپان دنیا بھر میں سب سے آگے ہے۔

افتتاحی میچ ایکواڈور اور میزبان ملک قطر کے درمیان کھیلا گیا جس میں تاریخ رقم ہوئی، ایکواڈور نے قطر کو 0-2 سے شکست دے دی۔

میچ کے اختتام پر دیگر تمام شائقین گھروں کو لوٹ گئے لیکن اسٹیڈیم میں موجود جاپانی حاضرین میچ کے بعد وہیں رُکے رہے اور اسٹیڈیم خالی ہونے کے بعد صرف ایک یا دو نہیں بلکہ پورے اسٹیڈیم میں پڑا کچرا اٹھایا جس کے مناظر وہاں موجود منتظمین نے کیمرے میں محفوظ کرلی۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک قطری شخص جاپانی شائق سے دریافت کرتا ہے کہ یہ ان کا ایویٹ نہیں تھا تو وہ کیوں اسٹیڈیم سے کچرا اُٹھا رہے ہیں جس پر اس جاپانی خاتون نے بتایا کہ جاپانی قوم کبھی بھی کچرا چھوڑ کر نہیں جاتے۔ ہم جگہ کا احترام کرتے ہیں۔

اسٹیڈیم سے کچرا اُٹھاتے ایک اور شائق نے بتایا کہ یہ سب کیمرے کے لیے نہیں ہے۔

اس دوران ویڈیو بنانے والا شخص انہیں مدد کی پیشکش کرتا ہے لیکن اسے شکریہ کہہ کر انکار کردیا جاتا ہے۔

جاپانی شائقین نے اسٹیڈیم میں پڑا کچرا ہی نہیں اُٹھایا بلکہ جگہ جگہ پڑے ہوئے قطر کے قومی جھنڈے بھی اُٹھائے اور ان کا احترام بھی اپنے قومی پرچم کی طرح ہی کیا، کچھ شائقین قطری پرچم اپنے ساتھ لے گئے جبکہ کچھ نے انہیں زمین سے اُٹھا کر کرسیوں پر رکھ دیا۔

واضح رہے کہ یہ پہلا موقع نہیں کہ جاپانیوں نے یہ طرز عمل اپنایا ہوبلکہ ہر عالمی ایونٹ میں جاپانی اسی طرح اپنی جگہ کو صاف رکھتے ہیں۔

خاص رپورٹ سے مزید