وزیرِ اعظم میاں محمد شہباز شریف نے اتحادی جماعتوں کے پارلیمانی لیڈرز کا اہم اجلاس طلب کر لیا ہے۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ اتحادی جماعتوں کے پارلیمانی لیڈرز کا یہ اجلاس آج شام 6 بجے ہو گا۔
ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ اجلاس میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتِ حال پر مشاورت ہوگی۔
دوسری جانب آرمی چیف اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کی تعیناتی کے لیے جی ایچ کیو کی سمری وزارتِ دفاع سے وزیرِ اعظم آفس میں موصول ہو گئی ہے۔
اس ضمن میں وزیرِ دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ باقی مراحل بھی جلد طے ہو جائیں گے۔
اس سے پہلے ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا تھا کہ جی ایچ کیو نے چیف آف آرمی اسٹاف اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کی تعیناتی کے لیے 6 سینئر موسٹ جنرلز کے نام وزارتِ دفاع کو بھیج دیے ہیں۔
اُدھر وزیرِ اعظم آفس نے جاری کیے گئے بیان میں تصدیق کی ہے کہ وزارتِ دفاع کی سمری وزیرِ اعظم آفس کو موصول ہو گئی ہے۔
وزیرِ اعظم آفس کا کہنا ہے کہ وزارتِ دفاع جانب سے سمری میں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور چیف آف آرمی اسٹاف کی تقرری کے لیے نام بھیجے گئے ہیں۔
وزیرِ اعظم آفس کا یہ بھی کہنا ہے کہ وزیرِ اعظم میاں شہباز شریف طے شدہ طریقہ کار کے مطابق تقرریوں کا فیصلہ کریں گے۔