• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جاپان میں مقیم پاکستانی ہمارا اثاثہ ہیں، سفیر پاکستان

جاپان میں پاکستان کے سفیر رضا بشیر تارڑ نے کہا ہے کہ جاپان میں مقیم پاکستانی پاکستان اور جاپان کے درمیان تجارت کے فروغ میں کردار ادا کریں، سفارتخانہ پاکستان انہیں ہر طرح کا تعاون فراہم کرے گا۔

یہ بات انہوں نے مسلم لیگ ن جاپان اور پاک جاپان بزنس کونسل کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

سفیر پاکستان نے کہا کہ جاپان میں مقیم 15 ہزار سے زائد پاکستانی ہمارا اثاثہ ہیں، یہ ہم وطن قانونی ذرائع سے رقم کی ترسیل سے پاکستانی معیشت کو بہتر بنانے میں کردار ادا کر رہے ہیں۔

سفیر پاکستان نے کہا کہ سفارتخانے کا کام کمیونٹی کو سہولتیں فراہم کرنا ہے نہ کہ ان کے لیے مشکلات پیدا کرنا۔

اس موقع پر ن لیگ جاپان کے صدر ملک نور اعوان نے سفیر پاکستان کو جاپان میں عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ امید ہے سفیر صاحب کے عہدہ سنبھالنے کے بعد پاکستان اور جاپان کے سیاسی معاشی اور عوامی سطع کے تعلقات میں بہتری آئے گی۔

ملک نور اعوان نے کہا کہ سفارتخانہ اور کمیونٹی کے تعلقات مثالی ہونے چاہئیں، افسوس ماضی میں ایسا نہیں تھا لیکن مستقبل میں ان میں بہتری آئے گی۔

اس موقع پر پاک جاپان بزنس کونسل کے صدر رانا عابد حسین نے کہا کہ ماضی میں انہوں نے جس طرح پاکستان اور جاپان کے درمیان تعلقات میں بہتری کے لیے کردار ادا کیا اس کا صلہ ان کی کردار کشی کی صورت میں دیا گیا لیکن آج سفیر پاکستان سے ملاقات کے بعد وہ ایک بار پھر پاکستان کے لیے پورے دل و جان سے خدمات انجام دیں گے۔

اس موقع پر ن لیگ جاپان کے چئیرمین ملک یونس نے کہا نئے سفیر کی جاپان میں آمد تازہ ہوا کے جھونکے کی طرح ہے، ان کی امید افزا بات چیت اور خیالات سے کمیونٹی کے اندر مثبت سوچ پیدا ہوگی اور پوری کمیونٹی پاکستان کے مفادات کے لیے متحد ہوکر بھرپور کردار ادا کرے گی۔

اس موقع پر سفیر پاکستان رضا بشیر تارڑ نے تمام مہمانوں کی آمد کا شکریہ ادا کیا اور کمیونٹی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

قومی خبریں سے مزید