اسلام آباد (مانیٹرنگ سیل) سابق صدر آصف علی زرداری کی صاحبزادی بختاور بھٹو نے کہا ہے کہ وفاقی وزیر پانی و بجلی خواجہ آصف نے گزشتہ روز اسمبلی میں ادا کئے گئے الفاظ پر معافی مانگنے کی کوشش ہی نہیں کی۔ ٹوئٹر پر جاری اپنے پیغام میں بختاور بھٹو زرداری نے کہا کہ خواجہ آصف کا شیریں مزاری سے معافی مانگنے کا طریقہ جائز نہیں تھا، اس لئے ان کی معذرت کو کسی صورت معذرت قرار نہیں دیا جا سکتا ۔دریں اثناء سابق صدر آصف علی زرداری کی صاحبزادی اور پیپلزپارٹی کی رہنما آصفہ بھٹو زرداری نے جمعرات کو سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئیٹر پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ وزیر دفاع خواجہ آصف کی زبان ناقابل قبول ہے،ہتک آمیز الفاظ خواتین، بچوں اور اسمبلی کے وقار کے منافی ہیں، مریم نواز خاتون ہونے کے ناطے معاملے کا نوٹس لیں۔ آصفہ بھٹو زرداری نے کہا کہ خواجہ آصف کے شیریں مزاری سے متعلق بیان کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔آصفہ بھٹو نے دختر اول مریم نواز سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ خواجہ آصف کے خلاف نہ صرف نوٹس لیں، بلکہ ان کے خلاف غیر پارلیمانی الفاظ کے استعمال پر سخت ایکشن بھی لیا جائے۔