پشاور کی عدالت نے پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے ایم پی اے فضل الہٰی اور دیگر رہنماؤں کے وارنٹِ گرفتاری کے معاملے کی سماعت کرتے ہوئے ان کی درخواستِ ضمانت قبل از گرفتاری منظور کر لی۔
پی ٹی آئی کے ایم پی اے فضل الہٰی اور دیگر رہنماؤں عاصم، مینہ خان اور عرفان سلیم کی جانب سے عدالت میں ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست دائر کی گئی تھی۔
پولیس نے احتجاج کے دوران پولیس کی گاڑی کو نقصان پہنچانے پر ان رہنماؤں کے خلاف مقدمہ درج کر رکھا ہے۔
رکنِ خیبر پختون خوا اسمبلی فضل الہٰی نے عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پولیس کی کوشش کو سراہتا ہوں لیکن اتنی آسانی سے ان کے ہاتھ آنے والا نہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ہم نے پُر امن احتجاج کیا تھا، احتجاج ہمارا حق ہے، مگر پولیس نے مجھے گرفتار کرنے کے لیے کوششیں کیں۔
پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے ایم پی اے فضل الہٰی کا یہ بھی کہنا ہے کہ پولیس کی کوشش کو سراہتا ہوں، عدالت نے میری ضمانت منظور کر لی ہے۔