• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت کا نیو کلیئر سپلائرزکا ممبر بننا خطے کیلئے خطرناک ہو گا، سراج الحق

لاہور(نمائندہ خصوصی)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ انڈیا کا نیو کلیئر سپلائرز کلب کا ممبر بننا خطے کے امن اور سلامتی کے لئے انتہائی خطرناک ہو گا ۔ امریکہ چین کے معاملات پر نظر رکھنے کیلئے بھارت کو خطے کا تھانیدار بنانا چاہتا ہے ۔ بھارت کے توسیع پسندانہ عزائم سے نہ صرف پاکستان بلکہ دیگر پڑوسیوں کو بھی خطرہ ہے بھارت ہمسایہ ممالک کو برابری کا حق دینے اور ان کی آزادی اور خودمختاری کا احترام کرنے کی بجائے انہیں اپنی نوآبادیاں سمجھتا ہے ۔ امریکہ خطے میں طاقت کا توازن بگاڑنے کی بجائے بھارت کو ہمسایہ ممالک کے ساتھ اپنا رویہ درست کرنے پر زور دے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سینٹ کے اجلاس میں شرکت کے بعد پارلیمینٹ ہائوس کے باہر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ ہماری خارجہ پالیسی مسلسل ناکامیوں کی تصویر ،بھارت کی خارجہ پالیسی پھیل رہی ہے جبکہ ہمارے خارجہ اُمور سکڑ رہے ہیں،بدقسمتی سے ہمارا کوئی وزیر خارجہ ہی نہیں اور خود وزیر اعظم صاحب فراش ہیں،حالیہ تین ماہ میں بھارتی وزیر اعظم مودی نے سعودی عرب ، ایران اور افغانستان کے کامیاب دورے کئے اور پورے خطے کی صورتحال کو اپنے حق میں کرنے میں کامیاب رہے ، امریکہ بھارت گٹھ جوڑ پاک چین اقتصادی راہداری کو سبوتاژ کرنے اور گوادر کے مقابلے میں چاہ بہار کی بندرگاہ کو خطے کی بڑی بندرگاہ بنانے کی سازش ہے مگر ہمارے حکمران کانوں میں روئی ٹھونس کر مزے کی نیند سو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی خارجہ پالیسی ہمیشہ امریکی مفادات کے تابع رہی ہےاور امریکہ نے ہمیشہ پاکستان کو دھوکہ دیا ہے آج تک ہماری خارجہ پالیسی کا کسی منتخب فورم پر جائز ہ لیا گیا نہ وزارت خارجہ خود کو کسی کے سامنے جوابدہ سمجھتی ہے ۔  
تازہ ترین