• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گلوکار لکی علی کی 50 سال پرانی زمین پر قبضہ مافیا کا راج

فائل فوٹو
فائل فوٹو

بھارتی گلوکار لکی علی نے ایک خاتون آئی اے ایس افسر کے شوہر پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے ان کی کرناٹک میں موجود زمین پر قبضہ کر لیا گیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق گلوکار لکی علی نے دو روز قبل کرناٹک پولیس کو لکھے گئے خط کا متن فیس بک پر شیئر کیا، جس میں لکھا گیا ہے کہ بنگلورو میں مقیم لینڈ مافیا کرناٹک میں ان کے فارم پر قبضہ کر رہا ہے اور وہ ’زبردستی اور غیر قانونی طور پر‘ ان کی جائیداد میں داخل ہو رہے ہیں۔

انہوں نے اپنے خط میں لکھا کہ میرا فارم جو کہ کینچنہ ہلی یلہانکا میں واقع ایک ٹرسٹ پراپرٹی ہے، پر بنگلور لینڈ مافیا کے سدھیر ریڈی (اور مدھو ریڈی) نے غیر قانونی طور پر قبضہ کر لیا ہے، قبضے میں ان کو آئی اے ایس آفیسر بیوی روہنی سندھوری کی مدد بھی حاصل ہے۔


اپنی شکایت میں موسیقار نے کہا کہ لینڈ مافیا زبردستی اور غیر قانونی طور پر ان کے فارم میں داخل ہو رہا ہے اور متعلقہ دستاویزات دکھانے سے انکار کر رہا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ یہ زمین 50 سال سے ان کے خاندان کی ملکیت میں ہے، اور اب دوسرے لوگ اس پر قبضہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

لکی علی نے سدھیر ریڈی کو زمین پر قبضہ کرنے کی کوشش کرنے والے اہم فرد کے طور پر نامزد کیا اور کہا کہ سدھیر کی مدد ان کی اہلیہ روہنی سندھوری کر رہی ہیں، جو ایک آئی اے ایس (انڈین ایڈمنسٹریٹو سروس) افسر ہیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ انہیں مقامی پولیس سے کوئی مدد نہیں مل رہی ہے، پولیس قبضہ مافیا کرنے والوں کی حمایت کر رہی ہے۔

موسیقار نے اپنے خاندان اور چھوٹے بچوں کے بارے میں بھی اپنی تشویش کا اظہار کیا جو فارم پر تنہا ہیں۔

واضح رہے کہ لکی علی کا اصل نام مقصود محمود علی ہے، وہ مرحوم اداکار کامیڈین محمود علی کے صاحب زادے ہیں، ان دونوں وہ دبئی میں کام کے سلسلے میں مقیم ہیں۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید