• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سلیمان شہباز برطانیہ میں جلا وطنی ختم کرکے وطن واپسی کیلئے روانہ

وزیراعظم شہباز شریف کے صاحبزادے سلیمان شہباز برطانیہ میں جلا وطنی ختم کرکے وطن واپسی کیلئے روانہ ہوگئے، سلیمان شہباز، اہلیہ اور بچوں کے ہمراہ عمرہ کیلئے سعودی عرب پہنچ گئے۔

سلیمان شہباز ہفتے کو پاکستان پہنچیں گے، وہ 2018 کے عام انتخابات سے قبل نیب مقدمات قائم کیے جانے کے بعد لندن آ گئے تھے، سلیمان شہباز والد شہباز شریف اور بھائی حمزہ شہباز کے ساتھ کئی مقدمات میں نامزد تھے۔

سابق مشیر احتساب شہزاد اکبر کی طرف سے سلیمان شہباز پر منی لانڈرنگ اور پبلک آفس کے غلط استعمال کے الزامات عائد کیے تھے، برطانیہ کی نیشنل کرائم ایجنسی نے سلیمان شہباز کے خلاف تحقیقات کے بعد انہیں کلین چٹ دی تھی۔

سلیمان شہباز کا کہنا ہے کہ نئے سیاسی نظام کیلئےجعلی مقدمات بنا کر مجھے پاکستان چھوڑنے پر مجبور کیا گیا تھا، کوئی بھی جلا وطن نہیں ہونا چاہتا، انصاف ملنے کی بھی توقع نہیں تھی، مجھ پر بنائے گئے جھوٹے مقدمات سیاسی مخالفت کی بد ترین مثال تھے۔

انہوں نے کہا کہ نیب اور ایسٹس ریکوری یونٹ کے بنائے مقدمات میں حقیقت نہیں تھی، سابق چئیرمین نیب جاوید اقبال کو بلیک میل کرکے ہمارے خلاف مقدمات بنوائے گئے، چئیرمین نیب کیس نہ بناتے تو انہیں برخاست کر دیا جاتا۔

سلیمان شہباز نے کہا کہ ہم اپنے دشمنوں کے ساتھ بھی ایسا ناروا سلوک کرنا پسند نہیں کریں، ہمارے خلاف پاکستان، برطانیہ میں مقدمات بنوانے کیلئے پاکستانی وسائل کا بے دریغ استعمال ہوا۔

نیشنل کرائم ایجنسی (این سی اے) نے 2019 میں شہباز شریف اور سلیمان شہباز کے اثاثے منجمند کرکے تحقیقات شروع کی تھی۔ این سی اے نے دو برس تک برطانیہ سمیت دیگر ممالک میں تحقیقات مکمل کر کے عدالت کو بتایا تھا کہ انہیں الزامات کے درست ہونے کے حوالے سے کوئی ثبوت نہیں ملا، این سی اے نے تحقیقات کے بعد مزید کارروائی نہ کرتے ہوئے اثاثے بحال کردیے تھے۔

قومی خبریں سے مزید