ملتان ٹیسٹ کے تیسرے دن کے اختتام پر پاکستان نے 355 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 4 وکٹ پر 198 رنز بنالیے اور اسے میچ میں فتح کے لیے مزید 157 رنز درکار ہیں۔
دوسرے ٹیسٹ کے تیسرے دن کے پہلے سیشن میں انگلینڈ کی ٹیم 275 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی، جس کے بعد پاکستان کو میچ جیتنے کے لیے 355 رنز کا ہدف ملا۔
پاکستان کی جانب سے محمد رضوان اور عبداللّٰہ شفیق نے ہدف کے تعاقب کا آغاز کیا اور کھانے کے وقفے تک 64 رنز کی پارٹنر شپ قائم رکھی۔
انگلینڈ کے فاسٹ بولر جیمز اینڈرسن نے کھانے کے وقفے کے بعد پہلے ہی اوور میں 66 رنز پر محمد رضوان کو بہت ہی شاندار آؤٹ سوئنگ کروا کر 30 رنز پر بولڈ کیا۔
بابراعظم 67 کے اسکور پر صرف ایک رنز بنا کر روبنسن کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔
دوسرے اوپنر عبداللّٰہ شفیق کو 83 کے مجموعے پر مارک ووڈ نے بولڈ کیا، انہوں نے 45 رنز کی باری کھیلی۔
اس کے بعد امام الحق اور سعود شکیل نے 108 رنز کی شراکت قائم کی، اس دوران دونوں کھلاڑیوں نے اپنی اپنی نصف سنچریاں مکمل کیں، 191 کے اسکور پر امام الحق 60 رنز پر لیچ کی گیند پر روٹ کو کیچ تھما بیٹھے۔
دن کے اختتام پر سعود 54 اور فہیم اشرف 3 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔
دوسرے سیشن میں پہلی وکٹ کے کچھ ہی دیر بعد کپتان بابر اعظم فاسٹ بولر اولی رابنسن کی شاندار اِن سوئنگ کو کچھ خاص سمجھ نہ سکے اور انہوں نے گیند کو چھوڑنے کا فیصلہ کیا جو ان کی وکٹ سے ہی ٹکرا گئی۔
اس طرح دوسری وکٹ کے نقصان پر قومی ٹیم کے اسکور میں صرف بابر اعظم کے ہی ایک رن کا اضافہ ہوا۔
پاکستان کی تیسری وکٹ 83 رنز پر گری جب عبداللّٰہ شفیق کو 45 رنز پر مارک ووڈ نے بولڈ کیا۔
اس سے قبل انگلینڈ کی جانب سے ہیری بروک اور بین اسٹوکس نے 5 وکٹ 202 رنز سے تیسرے دن کے کھیل کا آغاز کیا۔
کھیل شروع ہونے کے کچھ ہی دیر بعد پاکستان نے انگلش بیٹرز کی وکٹیں لینا شروع کر دیں۔
انگلینڈ کے 256 کے اسکور پر محمد نواز نے بین اسٹوکس کو 41 رنز پر کیچ آؤٹ کرایا۔
شاندار ٹیسٹ ڈیبیو کرنے والے ابرار احمد نے تیسرے دن کے کھیل کا آغاز بھی اچھے طریقے سے کیا اور انہوں نے پاکستان کے لیے کچھ ہی دیر بعد ساتویں وکٹ حاصل کی۔
انگلینڈ کے 259 کے اسکور پر ابرار احمد نے اولی رابنسن کو 3 رنز پر بولڈ کیا۔
کچھ ہی دیر بعد 270 رنز پر زاہد محمود نے مارک ووڈ کو 6 رنز پر سِلپ پوزیشن پر جبکہ 271 رنز پر ہیری بروک کو 108 رنز پر باؤنڈری پر کیچ آؤٹ کرایا۔
انگلینڈ کی آخری وکٹ بھی زاہد محمود نے حاصل کی، انہوں نے جیمز اینڈرسن کو 4 رنز پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا۔
ملتان ٹیسٹ کی دونوں اننگز میں پاکستان کے فاسٹ بولرز کوئی بھی وکٹ لینے میں ناکام رہے۔
میچ کی دونوں اننگز میں مجموعی طور پر ابرار احمد نے 11 جبکہ زاہد محمود نے 6 اور محمد نواز نے ایک وکٹ حاصل کی۔
گزشتہ روز ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن کے کھیل کے اختتام پر انگلینڈ نے دوسری اننگز میں 5 وکٹوں پر 202 رنز بنائے تھے۔
اس سے قبل پہلی اننگز میں انگلینڈ نے 281 رنز بنائے تھے جس کے جواب میں قومی ٹیم 202 رنز بنا سکی تھی۔
واضح رہے کہ 3 ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں انگلینڈ کو ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔