وزیراعظم شہباز شریف کل ایک روزہ دورے پر حیدر آباد پہنچیں گے، جہاں وہ ایم 6 حیدر آباد سکھر موٹر وے کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔
این ایچ اے حکام کے مطابق ایم 6 موٹر وے کے سنگ بنیاد رکھے جانے کی تقریب سول ایوی ایشن آڈیٹوریم حیدر آباد میں ہوگی۔
تقریب سے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور وفاقی وزیر آئی ٹی امین الحق سمیت دیگر بھی خطاب کریں گے۔ 306 کلومیٹر ایم 6 منصوبے پر 3 کھرب 7 ارب روپے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔
نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے حکام کے مطابق ایم 6 منصوبہ 33 ماہ میں مکمل ہوگا۔ وزیراعظم شہباز شریف منگل کی دوپہر ڈیڑھ بجے حیدرآباد ایئرپورٹ پہنچیں گے۔
حکام کے مطابق منصوے کی تعمیر سے قبل مٹیاری، نوشہرو فیروز میں اربوں کی کرپشن سامنے آئی ہے۔ موٹر وے کرپشن کیس میں ایک درجن سے زائد افسران گرفتار ہیں۔
این ایچ اے حکام کا کہنا ہے کہ نیب، ایف آئی اے اور اینٹی کرپشن سمیت پولیس کی ٹیمیں موٹروے کرپشن کیس کی تفتیش کر رہی ہیں۔