وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ موٹر وے ایم 6 کے معیار پر کوئی سمجھوتا نہیں ہو گا، وزیراعلیٰ سندھ کے ساتھ اچانک موٹروے کی تعمیراتی کام کا جائزہ لینے پہنچ جاؤں گا۔
وزیراعظم شہبازشریف نے سکھر میں سکھر حیدرآباد موٹروے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔
وزیراعظم شہبازشریف نے سکھر حیدرآباد موٹرے وے ایم سکس کے سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سکھر روہڑی پل کا نواز شریف نے اعلان کیا تھا، میں آج اس کی تکمیل کا اعلان کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ سکھر حیدرآباد موٹروے ایم 6 منصوبہ تیس ماہ میں یہ منصوبہ مکمل ہوجائےگا، ٹرانسپورٹرز اور مسافروں کو اس منصوبے سے بے پناہ فائدہ ہوگا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ پوری امید ہے موٹروے کایہ حصہ اسی معیار کا ہوگا جیسے دوسرے موٹروے ہیں، اس پراجیکٹ کو پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت مکمل کیاجائےگا۔
انہوں نے کہا کہ پورے ملک میں پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کو فروغ دے کر ترقی کریں گے، سکھر روہڑی پل کا نواز شریف نے اعلان کیا تھا، میں آج اس کی تکمیل کا اعلان کرتا ہوں۔
شہباز شریف نے کہا کہ سیلاب سےمتاثرہ علاقوں میں پانی کھڑا ہے،ابھی بھی بے پناہ کام کرنا ہے، اگلےہفتے سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ کریں گے، سیلاب متاثرہ بہنوں اور بھائیوں کو اکیلا نہیں چھوڑیں گے۔
بلوچستان کی ترقی کے بغیر پاکستان کی ترقی نامکمل ہے، گوادر پورٹ کو بھی ہمیں آپریشنل کرکے آگے بڑھانا ہے۔
سکھر سے وزیرِ اعظم شہباز شریف دوپہر ڈیڑھ بجے حیدر آباد ایئر پورٹ پہنچیں گے۔
ایم 6 موٹر وے کا سنگِ بنیاد رکھے جانے کی ایک اور تقریب سول ایوی ایشن آڈیٹوریم حیدر آباد میں بھی ہو گی۔
اس تقریب سے وزیرِ اعظم شہباز شریف کے علاوہ وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، وفاقی وزیرِ آئی ٹی امین الحق اور دیگر خطاب کریں گے۔
این ایچ اےحکام کے مطابق 306 کلو میٹر طویل ایم 6 منصوبے کی تکمیل کے لیے 3 کھرب 7 ارب روپے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔