• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ٹی آئی پہلی بال پھینکتی ہے، پی ڈی ایم پورا دن ڈھونڈتی ہے: فواد چوہدری

فواد چوہدری—فائل فوٹو
فواد چوہدری—فائل فوٹو

پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے ملکی سیاست کو کرکٹ کے انداز میں بیان کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان صبح پہلا اوور کراتے ہیں، پی ٹی آئی پہلی بال پھینکتی ہے، پی ڈی ایم پورا دن ڈھونڈتی رہتی ہے، اس ٹیسٹ میچ کو ہم نے ٹی ٹوئنٹی بنا کر کھیلا ہے۔

انہوں نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کل جو چھکا مارا ہے، پی ڈی ایم کو گیند ہی نہیں مل رہی۔

فواد چوہدری نے کہا کہ ہم اپنی حکومت توڑ کر عوام کے پاس جا رہے ہیں،  8 ماہ سے ملکی سیاست عمران خان کے گرد گھوم رہی ہے، پی ڈی ایم 13 پارٹیوں پر مشتمل چوں چوں کا مربہ ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ پاکستان کی تاریخ میں کوئی اور جماعت پی ٹی آئی کی طرح لوگوں کو جمع نہیں کر سکی، ہمارے ساتھ عوام کی طاقت کھڑی ہے۔

تحریک انصاف کے رہنما نے کہا کہ پی ڈی ایم کے لوگوں کے چہرے دیکھ کر لگتا ہے کہ ان کے جسم سے خون ہی ختم ہو گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ن لیگ اور پی ڈی ایم کی دیگر جماعتوں کو بھاگنا نہیں چاہیے، کبھی یہ الیکشن کمیشن کو آگے کر دیتے ہیں کہ ہمارے پاس ووٹر لسٹیں نہیں۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ ن لیگ سے کہتا ہوں کہ الیکشن کمیشن کو اپنے پارٹنر کے طور پر استعمال نہ کرے، لوگوں کو پتہ ہے کہ الیکشن کمیشن اگر الیکشن سے بھاگے گا تو ن لیگ کی مدد کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ اگر الیکشن کمیشن تیار نہیں ہے تو استعفے دے کر گھر جائے، پاکستان میں عوام کو یرغمال بنانے کی سازش ہو رہی ہے، طاقت ور لوگ بند کمروں میں بیٹھ کر فیصلے نہیں کر سکتے۔

سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ آپ لوگوں کے پاس جانے سے خوفزدہ کیوں ہیں؟ اس حوالے سے طاقت ور لوگوں کو سوچنا ہو گا اور عوام کے فیصلے کے آگے سرِ تسلیم خم کرنا پڑے گا۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ سپریم کورٹ نوٹس لے، اسلام آباد ہائی کورٹ میں کیا چل رہا ہے، ہم نے قومی اسمبلی میں استعفے کا اعلان کیا تو اسپیکر نے سیشن ملتوی کر دیا، ان سے مطالبہ کرتا ہوں کہ استعفے فوری طور پر قبول کریں۔

انہوں نے مزید کہا ہے کہ آصف زرداری نے پیپلز پارٹی کو ختم کر دیا، انہیں پنجاب اور کے پی میں امیدوار مل گئے تو میرا نام بدل دیں۔

پی ٹی آئی فواد چوہدری رہنما نے یہ بھی کہا ہے کہ تنخواہ دار طبقے کے لیے کچن کے اخراجات چلانا مشکل ہو چکا ہے، ملک اس طرح سے نہیں چلائے جاتے۔

قومی خبریں سے مزید