• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گورنر پنجاب کی وزیراعلیٰ کو اعتماد کا ووٹ لینے کی ہدایت، اسمبلی اجلاس طلب

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

گورنر پنجاب بلیغ الرحمان نے وزیراعلیٰ چوہدری پرویز الہٰی کو اعتماد کا ووٹ لینے کی ہدایت کردی۔

گورنر ہاؤس سے جاری مراسلے میں پنجاب اسبلی کا اجلاس بدھ کی شام 4 بجے طلب کیا گیا، جس میں وزیراعلیٰ پنجاب اعتماد کا ووٹ لیں گے۔

مراسلے کے متن کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الہٰی پارٹی صدر چوہدری شجاعت حسین کا اعتماد کھوچکے ہیں۔

مراسلے میں مزید کہا گیا کہ مشہور ہے پی ٹی آئی اور ق لیگ کے درمیان گزشتہ چند ہفتوں سے شدید اختلافات ہوگئے ہیں۔

مراسلے کے متن میں یہ بھی کہا گیا کہ یہ اختلافات وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سےخیال احمد کو صوبائی کابینہ میں شامل کرنے کے بعد واضح ہوگئے ہیں۔

مراسلے کے مطابق عمران خان نےعوامی سطح پر اعلان کیا انہیں وزیر کی تقرری اور وزیراعلیٰ کے اقدامات کے بارے میں کوئی علم نہیں تھا۔

گورنر ہاؤس سے جاری کیے گئے مراسلے میں کہا گیا کہ حکمران اتحاد کے اندر دراڑ کا تازہ ترین مظہر وزیراعلیٰ سےتلخ کلامی کے بعد سردار حسنین بہادر دریشک کا کابینہ سےاستعفیٰ دینا ہے۔

مراسلے میں کہا گیا کہ وزیراعلیٰ چوہدری پرویز الہٰی نے 4 دسمبر کو ٹی وی انٹرویو میں کہا کہ وہ آئندہ مارچ تک اسمبلی تحلیل نہیں کریں گے۔

مراسلے کے متن کے مطابق وزیراعلیٰ کا یہ بیان پی ٹی آئی کی پارٹی پالیسی کے خلاف تھا، جس پر 2 اراکین مستعفی ہوگئے ہیں۔

گورنر ہاؤس سے جاری کیے گئے مراسلے میں کہا گیا کہ 17 دسمبر کو وزیراعلیٰ چوہدری پرویز الہٰی نے سابق آرمی چیف کیخلاف کمنٹس دینے پر عمران خان کو تنقید کا نشانہ بھی بنایا۔

مراسلے میں کہا گیا کہ پنجاب اسمبلی کے ایوان میں حکومتی اتحاد اور اپوزیشن اتحاد میں بہت کم عددی فرق ہے، بطور گورنر اس بات پر متفق ہوں کہ وزیراعلیٰ پنجاب ایوان کی اکثریت کا اعتماد کھو چکے ہیں۔

مراسلے میں مزید کہا گیا کہ اس لئے آئین کے آرٹیکل 130 (7) کے تحت میں بدھ 21 دسمبر کو شام 4 بجے پنجاب اسمبلی کا اجلاس طلب کرتا ہوں، جس میں وزیراعلیٰ اعتماد کا ووٹ لیں۔

قومی خبریں سے مزید