پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے دعویٰ کیا ہے کہ پنجاب اور خیبر پختونخوا کی اسمبلیاں نہیں ٹوٹیں گی۔
اسلام آباد میں جیونیوز سے گفتگو میں مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان گائے کی دم پکڑ کر دوبارہ قومی اسمبلی آنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان پنجاب اور خیبر پختونخوا کی اسمبلیاں نہیں توڑے گا کیونکہ اس صورت میں اُس کی محفوظ پناہ گاہیں ختم ہوجائیں گی۔
پی ڈی ایم سربراہ نے مزید کہا کہ جنرل باجوہ اور فیض حمید سے تو ہمیں شکایات تھیں لیکن ہم نے تہذیب اور اخلاق کا دامن نہیں چھوڑا۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان بیرونی ایجنڈے پر اداروں اور ریٹائرڈ شخصیات پر الزام تراشی کررہے ہیں، پی ٹی آئی چیئرمین اخلاق و تہذیب سے مکمل عاری ہیں، وہ محسن کش ہے۔
مولانا فضل الرحمان نے یہ بھی کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ ہمارا واسطہ شخصیات سے نہیں بلکہ ادارے سے ہے، جب ادارہ غیر جانبدار ہوگیا ہو ہم مطمئن ہوگئے۔
انہوں نے کہا کہ اداروں اور عسکری شخصیات کا احترام ہماری اخلاقی ذمہ داری ہے، پرویز الہٰی کی واپسی کا فیصلہ تمام اتحادی مل کر کریں گے۔
پی ڈی ایم سربراہ نے بنوں واقعے کو خیبر پختونخوا حکومت کی مکمل ناکامی قرار دیا اور کہا کہ صوبائی حکومت نے امن و امان کے لیے کچھ نہیں کیا۔
انہوں نے استفسار کیا کہ بتایا جائے کہ خیبر پختونخوا نے وفاق سے پیسے لے کر کہاں خرچ کیے؟