دنیا بھر میں جہاں لوگ جان لیوا بیماری سے بچنے کی کوشش کر رہے ہیں جس کے لیے دواؤں اور ویکسین کا بہت زیادہ استعمال کیا جارہا ہے، وہیں چین میں مشہور گلوکارہ جین ژانگ نے خود کو کوروناوائرس کی بیماری میں مبتلا کرلیا۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق جین ژانگ نے سوشل میڈیا پر عجیب منطق اور سوچ کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ وہ کورونا وائرس میں اس لیے مبتلا ہونا چاہتی تھیں تاکہ دسمبر کے آخر میں منعقد ہونے والے کنسرٹ کے دوران انہیں انفیکشن کا خطرہ نہ ہو۔
چینی میڈیا کے مطابق گلوکارہ نے سوشل میڈیا پر اعتراف کیا کہ انہوں نے جان بوجھ کر ان دوستوں سے ملاقات کی جن کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا۔
رپورٹس کے مطابق 38 سالہ گلوکارہ نے بتایا کہ کورونا علامات ظاہر ہونے کے بعد وہ سونے چلی گئی تھیں اور ایک دن مکمل آرام کرنے کے بعد وہ صحت یاب ہوگئیں۔
جین ژانگ کے مطابق انہوں نے اس دوران پانی اور وٹامن سی کا بہت زیادہ استعمال کیا۔
دوسری جانب سوشل میڈیا پر اپنی اس لاپرواہی اور عجیب سوچ کا اظہار کرنے پر انہیں شدید ردعمل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
جین ژانگ نے شدید عوامی ردعمل کا سامنا کرنے کے بعد سوشل میڈیا سے اپنی پوسٹ ڈیلیٹ کر کے معافی مانگ لی ہے۔
علاوہ ازیں چین میں ایک مرتبہ پھر کورونا وائرس کے کیسز میں اضافہ ہورہا ہے۔