• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

رتنا پاٹھک شاہ کی آسکر ایوارڈز کیلئے نامزد بھارتی فلم’RRR‘ پر تنقید

رتنا پاٹھک شاہ، فائل فوٹو
رتنا پاٹھک شاہ، فائل فوٹو 

بالی ووڈ کی سینئر اداکارہ رتنا پاٹھک شاہ نے آسکر ایوارڈز کے لیے نامزد ہونے والی بھارتی فلم ’RRR‘ پر سخت الفاظ میں تنقید کی ہے۔

رتنا پاٹھک شاہ نے حال ہی میں اپنے ایک انٹرویو میں ہدایتکار ایس ایس راجامولی کی بلاک بسٹر فلم ’RRR‘ کو ایک ’رجعت پسند‘ فلم قرار دیا ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ ’RRR‘ جیسی فلمیں آج بہت مشہور ہیں لیکن یہ رجعت پسندانہ فلمیں ہیں، جن میں ماضی کی عکاسی کی گئی ہے جبکہ ہمیں آگے دیکھنا چاہیے، ہم دنیا کی سب سے بڑی جمہوری ریاست بھارت کا حصّہ ہونے کی وجہ سے یہ سمجھتے ہیں کہ ہم جو بھی کر رہے ہیں وہ صحیح ہے۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ جب تک فلمساز اپنے کام کو تنقیدی نظر سے نہیں دیکھیں گے، ہمیں ’RRR‘ جیسی فلمیں دیکھنا پڑیں گی کیونکہ ہمیں تنقید پسند نہیں کیونکہ اس سے ہماری انا مجروح ہوتی ہے۔ 

رتنا پاٹھک شاہ نے کہا کہ ابھی ہم جس ماحول میں جی رہے ہیں اسے بہت سے بڑے لوگوں نے بنایا ہے اور بدقسمتی سے ہم نے اسے قبول کرلیا ہے۔

واضح رہے کہ فلم ’RRR‘ کو نہ صرف ملکی سطح پر بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی پذیرائی ملی ہے۔ 


اس فلم میں اداکار چرن اور این ٹی آر کے علاوہ، اداکارہ عالیہ بھٹ اور اداکار اجے دیوگن نے بھی معاون کردار ادا کیے ہیں۔

اس سے پہلے رتنا پاٹھک شاہ نے ہندوؤں کے تہوار’کڑوا چوتھ‘ کو بھی رجعت پسند قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ21 ویں صدی میں خواتین بھی’کڑوا چوتھ‘ جیسی پرانی روایات کو منا رہی ہیں۔

یاد رہے کہ’کڑوا چوتھ‘ ہندوؤں کی ایک ایسی رسم ہے، جس میں بیوی روزہ رکھ کر اپنے شوہر کی لمبی عمر کے لیے دعا کرتی ہے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید