قومی اسمبلی میں اسلام آباد مقامی حکومت ترمیمی بل 2022 منظور کرلیا گیا۔
وزیر مملکت قانون شہادت اعوان نے قومی اسمبلی میں اسلام آباد لوکل گورنمنٹ ترمیمی بل 2022 پیش کیا۔
بل کے متن کے مطابق اسلام آباد بلدیاتی انتخابات بل فوری نافذ العمل ہوگا، بل کے تحت وفاقی دارالحکومت کی یونین کونسلز کی تعداد 125 ہوگی۔
بل کے متن میں کہا گیا ہے کہ میئر اور ڈپٹی میئر کا الیکشن براہ راست ہوگا، دونوں عہدوں کے لئے ایک ہی ووٹ کاسٹ ہوگا۔
میئر اور ڈپٹی میئر کی نشست خالی ہونے پر دوبارہ براہ راست انتخاب ہوگا۔
متن کے مطابق میئر اور ڈپٹی میئر کے براہ راست انتخاب کے لئے ووٹنگ یونین کونسل کے الیکشن کے روز ہی ہوگی۔
رکن جماعت اسلامی مولانا عبدالاکبر چترالی نے بل پیش کرنے پر احتجاج کیا اور کہا کہ اسلام آباد میں 31 دسمبر کو بلدیاتی الیکشن ہورہے ہیں، اچانک یہ خیال کیوں آیا۔
انہوں نے کہا کہ اختیارات کو نچلی سطح پر منتقل کرنا آئین اور اٹھارہویں ترمیم کا تقاضا ہے۔