کراچی میں بلاول بھٹو فٹبال چیمپئن شپ بھی اسٹریٹ کرائم کا شکار ہوگئی، اس فٹبال چیمپئن شپ کا آرگنائزر لُٹ گیا، فٹبال چیمپئن شپ نہ ہوسکی۔
آرگنائزر نوشاد کا کہنا ہے کہ انہیں 75 لاکھ روپے محکمہ اسپورٹس نے ٹھٹھہ میں ایونٹ کے لیے دیے تھے۔
اس نے کہا کہ ٹھٹہ جانے کے لیے 2 دسمبر کو کراچی کے علاقے فیڈرل بی ایریا میں بینک سے رقم نکالی، لیکن بینک سے نکلنے کے بعد لوٹ لیا گیا۔
خیال رہے کہ ایونٹ 5 دسمبر سے شروع ہو کر 8 دن جاری رہنا تھا جبکہ اس کا فائنل مقابلہ 16 دسمبر کو ہونا تھا۔
مذکورہ ایونٹ کے لیے وزیر کھیل ارباب لطف اللّٰہ کو اختتامی تقریب میں بطور مہمان خصوصی مدعو کیا جانا تھا۔
سیکریٹری اسپورٹس اختر عنایت کا کہنا ہے کہ آج ہی پتہ چلا کہ 5 دسمبر کو ایونٹ نہیں ہوسکا، ایونٹ آرگنائزر سے آج ملاقات ہوئی تو اس نے واردات سے متعلق بتایا۔
اختر عنایت نے کہا کہ آرگنائزر نے ایونٹ کروانے کی یقین دہانی کروائی ہے، وہ حکومتی نقصان بھرے گا۔
سیکریٹری اسپورٹس کا کہنا تھا کہ ایونٹ نہ ہونے کا ڈپارٹمنٹ کو کیوں نہیں پتہ چلا اس پر کیا کہہ سکتا ہوں، معاملے کی انکوائری کے لیے آفیسر مقرر کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ 20 دن گزر جانے کے بعد بھی پولیس سرکاری رقم لوٹنے والوں کو گرفتار نہیں کرسکی۔
ایس ایس پی انوسٹی گیشن شہلا قریشی کا کہنا ہے کہ مجھے ایسی کسی واردات کا علم نہیں، تفصیلات لینے کی کوشش کی جارہی ہے۔