لاہور(خالدمحمودخالد) بھارتی کرکٹ کنٹرول بورڈ میں نیشنل سلیکشن کمیٹی کے 5ارکان پر مبنی پینل کی تعیناتی کے لئے دیئے جانے والے اشتہار کے جواب میں بذریعہ ای میل 600سے زائد درخواستیں موصول ہوئیں جب کہ کرکٹ ایڈوائزری کمیٹی کے ارکان اس وقت سخت حیرت کا شکار ہو گئے جب پینل کا رکن سیلیکٹ ہونے کے لئے معروف کرکٹرز ایم ایس دھونی، وریندر سہواگ، سچن ٹنڈولکر اور پاکستان سے انضمام الحق کی درخواستیں بھی موصول ہوئیں۔
ایڈوائزری کمیٹی نے ان اہم ترین پوسٹوں کے لئے 10 افراد کے نام شارٹ لسٹ کئے جن میں مذکورہ چاروں کرکٹرز کے نام بھی شامل تھے۔ تاہم جب تحقیقات کی گئی تو معلوم ہوا کہ یہ چاروں درخواستیں جعلی ای میل اکاؤنٹ سے بھیجی گئی ہیں اور ان کاایم ایس دھونی، وریندر سہواگ، سچن ٹنڈولکر اور انضمام الحق سے کوئی تعلق نہیں۔