پشاور(سٹی رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ (ن)دسٹرکٹ چارسدہ کے عہدیداروں نے دیرینہ لیگی کارکنوں کو نظر اندازکرنے کے خلاف پشاور پریس کلب کے سامنے مظاہرہ کیا ۔ مظاہرے کی قیادت پاکستان مسلم لیگ (ن)سٹی ڈسٹرکٹ چارسدہ کے حاجی ساجد گل کررہے تھے ۔مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ وہ گزشتہ 28سالوں سے پاکستان مسلم لیگ (ن) کیساتھ وابستہ ہیں اور نظریاتی ورکر کی حیثیت سے پارٹی کیلئے بہت کام کیا ہے لیکن وہ جب بھی اپنے علاقے کے لوگوں کے مسائل کے حل کیلئے ساتھیوں سمیت گورنر سے ملاقات کیلئے آتے ہیں انہیں مایوسی کے سواء کچھ نہیں ملتا ۔ انہوںنے وزیراعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف اور صوبائی صدر پیر صابرشاہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ سٹی ڈسٹرکٹ چارسدہ کے عہدیداروں اورکارکنوں کیساتھ نارواسلوک رکھنے کا نوٹس لیں بصورت دیگر ضلع چارسدہ کے عہدیداروں اور سینکڑوں کارکنوں کے ہمراہ گورنر ہائوس کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کرینگے۔