• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران خان کے جنرل باجوہ اور آصف زرداری کی ڈیل کے بیان میں کوئی صداقت نہیں، ناصر شاہ

صوبائی وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ کا کہنا ہے کہ عمران خان کے جنرل باجوہ اور آصف زرداری کی ڈیل کے بیان میں کوئی صداقت نہیں.


عمران احسان فراموش ہیں جنرل باجوہ نے انہیں 2018 کا الیکشن جتوا کردیا، جنرل باجوہ کا قصور یہ ہے کہ وہ غیر سیاسی ہوگئے، اداروں کا ملکی سیاست میں کردار رہا ہے۔

باتھ آئی لینڈ میں گلشن فیصل پارک کے افتتاح  کے موقع پر ناصر حسین شاہ نے کہا کہ بلاول بھٹو کا نظریہ ترقی، بہتری اور آگے بڑھنے کا ہے.

انہوں نے کہا کہ عمران خان کی حکومت کو آئینی طریقے سے ہٹایا گیا، اسمبلیوں کو پانچ سال کی مدت پوری کرنی چاہیے، عمران خان اسمبلیاں تحلیل کرنا چاہتے ہیں کیوں کہ وہ حکومت میں نہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کا اعتراض یہ ہے کہ جنرل باجوہ نے تحریک عدم اعتماد کو ناکام کیوں نہیں بنایا؟

ناصر شاہ نے کہا کہ عمران خان عدلیہ اور دیگر اداروں کو دباؤ میں لانے کی کوشش کر رہے ہیں، گورنر پنجاب نے پرویز الہٰی کو اعتماد کا ووٹ لینے کا کہا اس میں کچھ غلط نہیں۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ عمران خان نے آئی ایم ایف سے کیا گیا معاہدہ توڑا، شوکت ترین نے کے پی حکومت کو آئی ایم ایف کو خط لکھنے کا کہا، سندھ ڈوبا ہوا ہے پی ٹی آئی بین الاقوامی ڈونر کو فنڈز دینے سے منع کر رہی ہے۔

ناصر شاہ نے کہا کہ آٹے پر سبسڈی فراہم کر رہے ہیں، بارشوں میں 10 لاکھ سے زائد گھر تباہ ہوئے، جن کے گھر تباہ ہوئے ان کو ریلیف فراہم کریں گے، بارش سے جن کے گھر تباہ ہوئے انہیں 3 لاکھ روپے دیے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ گیس کا مسئلہ ہے وفاقی حکومت کے ساتھ معاملے پر بات کی ہے۔

قومی خبریں سے مزید