• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹرمپ دور میں عافیہ صدیقی کی رہائی پر بات چیت آگے بڑھی تھی، عمران خان

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ ٹرمپ دور میں عافیہ صدیقی کی رہائی پر بات چیت آگے بڑھی تھی، ٹرمپ انتظامیہ کے جاتے ہی عافیہ صدیقی کی رہائی پر مذاکرات آگے نہیں بڑھ سکے۔

ترکیہ کے دانشوروں اور طلبا سے آن لائن گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ہم بھول جاتے ہیں مغرب میں خواتین کو حقوق ملنے سے کہیں پہلے اسلام نے خواتین کو حقوق دیے۔

عمران خان نے کہا کہ پردے کے معاملے پر عالمی اجتہاد کی کمی ہے، اسلام میں پردے کا مقصد خاندانی نظام کو بچانا تھا، خواتین کو دبانے کیلئے نہیں تھا، اسلام میں مردوں کو عورتوں پر برتری حاصل نہیں ہے۔

پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ انصاف، قانون کی عملداری کے نہ ہونے کی سب سے بڑی علامت ادارہ جاتی اور امیروں کی کرپشن ہے، جب طاقتور حلقے قانون سے بالاتر ہو جائیں تو ملک بنانا ری پبلک بن جاتا ہے، میں دوبارہ اقتدار میں آیا تو سب سے پہلے قانون کی عمل درای کو یقینی بناؤں گا۔

عمران خان نے کہا کہ جہاں قانون کی عملداری ہو وہاں غربت ختم ہوتی ہے، نائیجیریا کی مثال لے لیں، تیل سے مالا مال ہے لیکن قانون کی عملداری نہیں، قانون کی عملداری نہ ہونے کی وجہ سے نائیجیریا دنیا کے غریب ترین ملکوں میں شمار ہوتا ہے۔

پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ نچلی سطح پر کرپشن کا خاتمہ سیرت نبوی سکھانے سے کیا جاسکتا ہے، اخلاقیات ہی ایمانداری سکھاتی ہے۔

قومی خبریں سے مزید