• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی ٹیسٹ: چوتھے دن کا کھیل ختم، پاکستان کے 2 وکٹوں پر 77 رنز

فوٹو: سوشل میڈیا
فوٹو: سوشل میڈیا

کراچی ٹیسٹ میچ کے چوتھے دن کا کھیل اختتام پذیر ہوگیا جہاں قومی ٹیم نے دوسری اننگز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 77 رنز بنالیے جبکہ مہمان ٹیم کی برتری ختم کرنے کے لیے مزید 97 رنز درکار ہیں۔

نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے پہلے ٹیسٹ میچ کے چوتھے دن کے کھیل کا آغاز نیوزی لینڈ کی جانب سے کین ولیمسن اور اش سوڈھی نے کیا تھا۔ 

دونوں نے محتاط انداز میں بیٹنگ جاری رکھتے ہوئے 154 رنز کی شراکت بنائی جہاں سوڈھی 64 رنز بنا کر 595 کے مجموعے پر آؤٹ ہوئے۔

ان کے آؤٹ ہونے کے بعد آنے والے تینوں کھلاڑیوں نے تو کوئی رن نہ بنایا لیکن بلیک کیپس کی جانب سے کین ولیمسن اس دوران اپنی ڈبل سنچری مکمل کرنے میں کامیاب ہوئے۔ یہ ان کے کیریئر کی پانچویں ڈبل سنچری ہے۔

کین ولیمسن کی ڈبل سنچری کے بعد نیوزی لینڈ نے اپنی پہلی اننگز 612 رنز 9 کھلاڑی آؤٹ پر ڈکلیئر کردی تھی۔ اسے پاکستان ٹیم پر 174 رنز کی برتری حاصل ہوگئی تھی۔

اس کے علاوہ ٹام لیتھم 113، ڈیون کونوے 92، اش سودی 65، ٹام بلینڈل 47 اور ڈیرل مچل نے 42 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

پاکستان کے ابرار احمد نے 5 وکٹیں حاصل کیں جبکہ نعمان علی نے 3 اور محمد وسیم نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم مکمل فٹ ہونے کے بعد میدان میں موجود تھے۔

میچ کا تیسرا دن

نیوزی لینڈ نے تیسرے دن کے اختتام پر 6 وکٹوں پر 440 رنز بنالیے تھے جبکہ اسے پاکستان پر 2 رنز کی برتری بھی حاصل ہو گئی ہے۔

بلیک کیپس کی طرف سے تیسرے روز کے کھیل کا آغاز ٹام لیتھم اور ڈیون کونوے نے کیا تھا، دونوں کھلاڑیوں نے 165 رنز کے اسکور کو آگے بڑھایا لیکن 183 پر ڈیون کونوے 92 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوگئے تھے، انہیں نعمان علی نے ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا۔

ٹام لیتھم سنچری بنانے کے بعد 231 کے مجموعے پر اپنی وکٹ گنوا بیٹھے، انہیں ابرار احمد نے آؤٹ کیا۔

کریز کے ایک جانب کین ولیمسن پاکستانی بولرز کے لیے کڑا امتحان بنے رہےجنہوں نے ہنری نکولس، ڈیرل مچل اور ٹام بلنڈیل کے ساتھ مل کر پارٹنرشپس لگاتے ہوئے نہ صرف خسارہ ختم کیا بلکہ 2 رنز کی برتری بھی حاصل کی۔

نیوزی لینڈ کے دیگر کھلاڑیوں میں ہنری نکلس نے 22، ڈیرل مچل 42 اور ٹام بلنڈیل نے 47 رنز بنائے تھے۔

پاکستان کی پہلی اننگز

واضح رہے کہ سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز پاکستان ٹیم 438 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی، بابر اعظم اور سلمان آغا نے سنچریاں اسکور کی تھیں۔

نیوزی لینڈ کے ٹِم ساؤتھی نے 3، اعجاز پٹیل، اش سودھی اور مائیکل بریسویل نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا۔

پاکستان کی ٹیم

کراچی ٹیسٹ کے لیے عبداللّٰہ شفیق، امام الحق، شان مسعود، بابر اعظم (کپتان)، سعود شکیل، سرفراز احمد، سلمان آغا، نعمان علی، محمد وسیم، میر حمزہ اور ابرار احمد قومی ٹیم کا حصہ ہیں۔

نیوزی لینڈ کی ٹیم

ٹام لیتھم، ڈیون کونوے، کین ولیمسن، ہنری نکولس، ڈیرل مچل، ٹام بلنڈل، مائیکل بریسویل، ٹِم ساؤتھی (کپتان)، اش سودھی، نیل ویگنر اور اعجاز پٹیل نیوزی لینڈ کی فائنل الیون کا حصہ ہیں۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید