• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آئی پی ایل کے دوران پی ایس ایل کرواکر اچھے کھلاڑی لانا ایونٹ کیلئے بہترین ہوگا، عاطف رانا

فوٹو: جنگ
فوٹو: جنگ

لاہور قلندرز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) عاطف رانا نے کہا ہے کہ آئی پی ایل کے دوران پی ایس ایل کروا کر اگر اچھے کھلاڑیوں کو زیادہ معاوضہ دے کر لایا جائے تو یہ پی ایس ایل کے لیے بہترین ہو گا۔

لاہور میں سی ای او لاہور قلندرز عاطف رانا کا لاہور اور اسلام آباد کے اسپورٹس جرنلسٹس کے درمیان میچ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہا کہ پی سی بی، فینز اور ہماری خواہش ہے کہ پی ایس ایل ایک کامیاب لیگ بنے۔

انکا کہنا تھا کہ پی سی بی سمیت ہم سب کا ایک ہی مقصد پی ایس ایل کو دنیا کی نمبر ون لیگ بنانا ہے۔ آئی پی ایل کے دوران پی ایس ایل کروا کر اگر اچھے کھلاڑیوں کو زیادہ معاوضہ دے کر لایا جائے تو یہ پی ایس ایل کے لیے بہترین ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ پی سی بی کمرشلی طور پر پی ایس ایل کے ونڈو کے حوالے سے اچھا فیصلہ کرے گا۔ اگر پی ایس ایل کے حوالے سے اچھے فیصلے ہوں گے تو انہیں ہم سراہیں گے۔

سی ای او لاہور قلندرز کا کہنا تھا کہ آئی پی ایل کے ساتھ اور پلے آف بیرون ملک کروانے سے اگر پی سی بی کو لگتا ہے کہ پی ایس ایل اس طرح کامیاب ہوگا تو ہم سپورٹ کریں گے۔ ان فیصلوں کے ساتھ ساتھ کمرشل مواقع بھی دیکھنے چاہئیں۔

عاطف رانا نے کہا کہ پلئیر ڈویلپمنٹ پروگرام کے حارث رؤف کے لیے بڑے فخر کی بات ہے کہ وہ پاکستان کی نمائندگی کر رہا ہے۔ پورے 25 کروڑ عوام کی امیدیں اور دعائیں حارث رؤف سے وابستہ ہوتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ انسان ہے، کبھی اچھا پرفارم کرتا ہے اور کبھی نہیں کر سکتا۔  حارث رؤف اپنا سو فیصد دیتا ہے اور بڑی خوش آئند بات ہے کہ لوگ انکے بارے میں بات کرتے ہیں۔

عاطف رانا کا کہنا تھا کہ لاہور قلندرز نے 6 لاکھ سے زائد بچوں کے ٹرائلز کیے، حارث کے علاوہ شاہین اور زمان سمیت دیگر بھی کھلاڑی بنائے۔

اپنی بات جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حارث، شاہین اور فخر کی اپنی محنت ہے۔ لاہور قلندرز نے صرف انہیں پلیٹ فارم دیا۔ 

عاطف رانا کا کہنا تھا کہ اسپورٹس جرنلسٹس پاکستان کرکٹ کے اسٹیک ہولڈرز ہیں، انہیں ہمیشہ نظر انداز کیا گیا۔ ہماری کوشش ہو گی کہ اگلی بار کراچی کے صحافیوں کو بھی مدعو کریں۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے گزشتہ پی ایس ایل میں ایک میچ اسپورٹس صحافیوں کے نام کیا تھا۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید