پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کا پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے دسویں ایڈیشن کے حوالے سے فرنچائزز کے ساتھ مشاورت کا سلسلہ جاری ہے۔
پی سی بی اور پی ایس ایل فرنچائز مالکان کے درمیان اجلاس میں پی ایس ایل 2026 میں دو نئی ٹیموں کو شامل کرنے کا منصوبہ بھی شامل ہے۔
لاہور میں پاکستان کرکٹ بورڈ اور اور پی ایس ایل فرنچائز مالکان کے درمیان اجلاس میں پی ایس ایل کے اگلے ایڈیشن کی ونڈو کو حتمی شکل دینے سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔
اگلے برس پی ایس ایل کا دسواں ایڈیشن چھ ٹیموں کا آخری ایونٹ ہوگا جس کے بعد 2026 میں پی ایس ایل میں دو نئی ٹیمیں شامل کرنے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔
اجلاس میں ہر فرنچائز کے ایک ایک کھلاڑی کو براہ راست سائن کرنے کے آپشن پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔ یہ سائننگ مارکی (marquee) پلیئر آفر کے علاوہ ہوگی۔
پی ایس ایل کے اگلے ایڈیشن میں پشاور اور کوئٹہ کے وینیو پر بھی بات چیت ہوئی۔
پی سی بی چیئرمین محسن نقوی نے کہا کہ پشاور اور کوئٹہ کو 2024-25 کے سیزن میں ڈومیسٹک میچز دے کر پاکستان کرکٹ کیلنڈر میں واپس لانے کی خواہش ہے۔