• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

استعفے منظور نہیں کر رہے، کیونکہ الیکشن سے بھاگ رہے ہیں، اسد قیصر

فائل فوٹو
فائل فوٹو

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اسد قیصر کا کہنا ہے کہ استعفے اس لیے منظور نہیں کر رہے، کیوں کہ الیکشن سے بھاگ رہے ہیں۔

اسپیکر قومی اسمبلی سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسد قیصر نے کہا کہ جس طرح 11 ارکان کے استعفے قبول کیے اسی طرح باقی ارکان کے بھی منظور کریں۔

انہوں نے کہا کہ شاہ محمود قریشی کے ساتھ سارے ایم این ایز کھڑے تھے، جو فلور پر آ کر بات کرتا ہے ان کے استعفے منظور ہوتے ہیں۔

سابق اسپیکر قومی اسمبلی کا کہنا ہے کہ جاوید ہاشمی کیس میں بھی یہی ہوا تھا، یہ اب سب کچھ روک رہے ہیں اور استعفے قبول نہیں کر رہے، ان سے ملک نہیں چل رہا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل اسد قیصر کی زیرِ قیادت پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کا وفد استعفوں کی منظوری پر تنازع کو حل کرنے کے لیے اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف سے ملاقات کرنے پہنچا۔

اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے پی ٹی آئی کے وفد کا پارلیمنٹ ہاؤس آمد پر خیر مقدم کیا، پی ٹی آئی کے وفد میں قاسم سوری، عامر ڈوگر، امجد خان نیازی اور فہیم خان بھی شامل تھے۔

ملاقات میں پی ٹی آئی کے قومی اسمبلی سے استعفوں کے معاملے پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔

قومی خبریں سے مزید