پی ٹی آئی کے وفد کی اسپیکر راجہ پرویز اشرف سے ملاقات کے حوالے سے قومی اسمبلی سیکریٹریٹ نے اعلامیہ جاری کیا ہے۔
جاری کیے گئے قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی کے وفد نے اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف سے ملاقات کی، جس میں قومی اسمبلی کی نشستوں سے پی ٹی آئی کے استعفوں کے حوالے سے گفتگو ہوئی۔
اعلامیے کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی کا کہنا ہے کہ سیاست میں دروازے بند نہیں کیے جاتے، سیاست دانوں میں رابطے ہونے چاہئیں۔
جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ استعفوں کی تصدیق پر آئینِ پاکستان اور قومی اسمبلی کے قواعد و ضوابط کے مطابق فیصلہ ہو گا۔
قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ استعفوں کے لیے تمام ممبران کو انفرادی طور پر بلایا جائے گا۔
جاری اعلامیے کے مطابق ملاقات میں اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ پہلے بھی پی ٹی آئی کے ممبران کو استعفوں کی تصدیق کے لیے مدعو کیا گیا تھا۔
قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کے اعلامیے کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی نے یہ بھی کہا کہ پی ٹی آئی کے کراچی سے رکنِ اسمبلی نے استعفے کی منظوری روکنے کے لیے ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا۔
اس سے قبل اسد قیصر کی زیرِ قیادت پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کا وفد استعفوں کی منظوری پر تنازع کو حل کرنے کے لیے اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف سے ملاقات کرنے پہنچا۔
اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے پی ٹی آئی کے وفد کا پارلیمنٹ ہاؤس آمد پر خیر مقدم کیا۔
پی ٹی آئی کے وفد میں قاسم سوری، عامر ڈوگر، امجد خان نیازی، فہیم خان بھی شامل تھے۔
ملاقات میں پی ٹی آئی کے قومی اسمبلی سے استعفوں کے معاملے پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
اس سے پہلے پی ٹی آئی کا اصرار تھا کہ تمام استعفے بیک وقت منظور کیے جائیں۔
اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف دو ٹوک کہہ چکے ہیں کہ عجلت میں تحریکِ انصاف کے اراکین کے استعفے قبول نہیں کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے ہر رکن کو استعفے منظور کرانے کے لیے الگ الگ آنا ہو گا۔
راجہ پرویز اشرف کی جانب سے دعویٰ کیا گیا کہ کچھ ارکان نے ان سے استعفے قبول نہ کرنے کی استدعا کی ہے، تاہم وہ ان ارکان کے نام نہیں بتا سکتے۔