وزیراعظم شہباز شریف سے چیئرمین پاک سرزمین پارٹی (پی ایس پی) مصطفیٰ کمال اور انیس قائمخانی نے ملاقات کی۔
پی ایس پی اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم نے مصطفیٰ کمال کی بطور ناظم کراچی خدمات کی تعریف کی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ بے شک کراچی مستحکم ہوگا تو پاکستان ترقی کرے گا۔
اس موقع پر پی ایس پی سربراہ مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ہم نے کراچی میں امن قائم کرنے کیلئے را کے نیٹ ورک کو توڑا۔
ان کا کہنا تھا کہ کراچی پورے پاکستان کی معیشت کو سنبھال کر درست ٹریک پر گامزن کرسکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک کے استحکام کے لئے اپنا سیاسی اور انتظامی کردار ادا کرتے رہیں گے۔
مصطفیٰ کمال نے مزید کہا کہ ملک کو معاشی بحران سے نکالنے کیلئے تاجروں کے مسائل پر توجہ کی ضرورت ہے۔
ملاقات میں تمام سیاسی قوتوں کے ساتھ ملکی استحکام کی مشترکہ کوششوں کا اعادہ کیا گیا۔
ملک کو بحران سے نکالنے کے لئے مشترکہ کوششوں کے عزم کا اظہار بھی کیا گیا۔