• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فاروق ستار، مصطفیٰ کمال ایم کیو ایم پاکستان میں شمولیت پر آمادہ ہوگئے، کامران ٹیسوری کا دعویٰ

گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے دعویٰ کیا ہے کہ فاروق ستار اور مصطفیٰ کمال متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان میں شمولیت پر آمادہ ہوگئے۔

جیو نیوز کے پروگرام نیا پاکستان میں گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے ایم کیو ایم کے دھڑوں کے انضمام پر اظہار خیال کیا۔

انہوں نے کہا کہ فاروق ستار اور مصطفیٰ کمال ایم کیو ایم پاکستان میں بطور کارکن کام کرنے کے لیے تیار ہیں۔

گورنر سندھ نے متحدہ قیادت کے مطالبات اور خدشات پر کہا کہ پیپلز پارٹی سے کہہ دیا ہے کہ ایم کیو ایم کو مطمئن کیا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ جلد ایم کیو ایم حقیقی کے آفاق احمد کو بھی ایک پیج پر آنے کی دعوت دیں گے۔

کامران ٹیسوری نے مزید کہا کہ ہمیں ایک دوسرے کو ٹھیک نہیں کرنا، شہر کو ٹھیک کرنا ہے، کراچی کلین اور گرین ہونا شروع ہوگیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی روشنیوں کا شہر تھا جو اب مجرموں کا شہر بنتا جا رہا ہے، ہم اس سال کراچی کو ڈیولپ ہوتا ہوا دیکھیں گے، اس پر کام شروع ہوچکا ہے۔

گورنر سندھ نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان رہے گی، جس کا نشان پتنگ اور سربراہ خالد مقبول ہیں، پارٹی کا صرف عوامی ونگ باقی بچے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ جب مقصد بڑا ہو تو ماضی کی باتوں کو نہیں دیکھا جاتا، سب اس بات پر متفق ہیں کہ ہمیں صرف وعدوں کے ساتھ رکھا گیا۔

کامران ٹیسوری نے یہ بھی کہا کہ ہماری فورسز نے کراچی میں امن کے لیے بہت قربانیاں دی ہیں، جو رائیگاں نہیں جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ بہت سی جماعتیں ہیں جو بہت کچھ جمع کرتی ہیں، لوگوں کو نظر صرف ایم کیو ایم ہی آتی ہے۔

گورنر سندھ نے کہا کہ پی پی کے دوستوں کے سامنے بھی ایم کیو ایم کے خدشات رکھے، چاہتا ہوں کہ افہام و تفہیم کے ساتھ معاملے کو حل کرلیا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ پی پی کے دوستوں کو کہا ہے کہ جلد کوئی لائحہ عمل بنا کر ایم کیو ایم کو مطمئن کیا جائے، حلقہ بندیاں اور 140 اے معاہدے کا حصہ ہے۔

قومی خبریں سے مزید