• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہیلتھ کارڈز کی مد میں اربوں روپے کا فراڈ ہورہا ہے، نورعالم خان

چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی) نور عالم خان نے کہا ہے کہ ہیلتھ کارڈز کی مد میں اربوں روپے کا فراڈ ہورہا ہے۔

پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں نور عالم خان کی زیر صدارت پی اے سی کا اجلاس ہوا۔

اس موقع پر چیئرمین پی اے سی نے کہا کہ صحت کارڈز کی مد میں اربوں روپے کا فراڈ ہورہا ہے، ہیلتھ کارڈ کے نظام کے باعث اسٹیٹ لائف انشورنس بیٹھ جائے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ اسٹیٹ لائف کی صورتحال کے حوالے سے 3 صفحوں کی فیکٹ شیٹ فراہم کی جائے۔

نور عالم خان نے مزید کہا کہ ہیلتھ کارڈ کے ڈرامے کے بعد ایک اسپتال نے 3،3 اسپتال بنانا شروع کردیے ہیں۔

وزارت تجارت کے آڈٹ اعتراضات کے جائزے کے دوران آڈٹ حکام نے بتایا کہ 2015 سے 18 تک وزیر کیلئے سات اضافی ٹیلی فونز کنکشنز لیے گئے۔

سیکریٹری تجارت نے بتایا کہ وزیر کے گھر، دفتر اور لاج تینوں میں ایک ایک گرین لائن، ٹیلی فون اور فیکس لگی تھی۔ چئیرمین کمیٹی پی اے سی نے ٹیلی فونز کے اخراجات کی ریکوری کرانے کی ہدایت کردی۔

نور عالم خان نے بتایا کہ خیبر پختونخوا میں وزیراعلیٰ کے سامنے اس پارٹی کے سربراہ نے مجھے دھمکی دی۔ پی اے سی نے وفاقی وزراء اور سیکرٹریز سے مجاز فون کنکشن کی تفصیلات طلب کر لیں۔

قومی خبریں سے مزید