وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ دہشت گرد اور شرپسند عناصر پاکستانی عوام کے حوصلے پست نہیں کرسکتے ہیں۔
اسلام آباد میں وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ملکی سیکیورٹی صورتحال پر جائزہ اجلاس ہوا، جس میں وزیر داخلہ رانا ثناء اللّٰہ، مشیر احد چیمہ اور نفاذ قانون کے اداروں کے سربراہان شریک ہوئے۔
اس موقع پر وزیر داخلہ، سیکریٹری داخلہ، چاروں آئی جیز اور چیف سیکریٹریز نے دہشت گردی کے واقعات اور ملک کی سیکیورٹی صورتحال پر بریفنگز دیں۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ دہشت گرد اور شرپسند عناصر پاکستانی عوام کے حوصلے پست نہیں کرسکتے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ وطنِ عزیز کی حفاظت کی خاطر کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے، دہشت گردی کی لہر کے تدارک کےلئے وفاقی اور صوبائی ادارے تعاون بڑھائیں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ وزیرِ داخلہ، سیکرٹری داخلہ، نیکٹا صوبوں میں جاکر تفصیلی مشاورت کریں اور اس کے بعد جامعہ لائحہ عمل تیارکرکے پیش کریں۔
شہباز شریف نے ہدایت کی کہ صوبائی اپیکس کمیٹیوں کے اجلاس باقاعدگی سےکریں اور اداروں کے درمیان تعاون سے دہشت گردی کا ناسور جڑ سکے اکھاڑ پھینکیں۔