امیرِ جماعتِ اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن کا کہنا ہے کہ آج ہم بتائیں گے کہ ہم کس طرح کا کراچی بنائیں گے۔
کراچی میں باغِ جناح کے دورے کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ بہت بڑی تعداد میں لوگ آج اعلانِ کراچی جلسے میں شرکت کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ آج جوانوں کے سامنے اعلانِ کراچی کریں گے، شہر کو مزید لاوارث نہیں چھوڑ سکتے، کراچی خود اب ترقی کا راستہ منتخب کرے گا۔
حافظ نعیم الرحمٰن کا مزید کہنا ہے کہ سازشی آخری وقت تک کوششیں کر رہے ہیں کہ انتخابات نہ ہوں، کراچی کے شہری جماعت اسلامی کا میئر دیکھنا چاہتے ہیں۔
ان کا یہ بھی کہنا ہےکہ ٹیلیفون کال پر احتجاج کی تاریخ بدلنے والے کراچی کا مقدمہ نہیں لڑ سکتے، ہمیں منع کرنے والے آج کی ریلی ریڈ زون سے ہی نکال رہے ہیں۔