• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پنجاب اسمبلی تحلیل نہیں ہوگی، چوہدری شجاعت کا دعویٰ

چوہدری شجاعت حسین - فوٹو: فائل
چوہدری شجاعت حسین - فوٹو: فائل

پاکستان مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین نے پنجاب اسمبلی تحلیل نہ ہونے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ کچھ بھی ہوجائے پنجاب اسمبلی نہیں ٹوٹے گی۔

لاہور میں ق لیگی سربراہ سے جمعیت علماء اسلام (ف) کے سینئر رہنما عبدالغفور حیدری نے ملاقات کی اور پنجاب و ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

جے یو آئی (ف) کے رہنما وفد کی صورت میں چوہدری شجاعت حسین سے ملاقات کے لیے پہنچے۔ انہوں نے ق لیگی سربراہ کو بلوچستان میں عوام کو درپیش مشکلات خصوصاً آٹے کی قلت سے آگاہ کیا۔

ملاقات میں ملکی معاشی صورتحال، سیاسی معاملات سمیت دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

دوران گفتگو چوہدری شجاعت حسین نے دعویٰ سے کہا کہ پنجاب اسمبلی تحلیل نہیں ہوگی اور فی الحال ملک میں الیکشن کا کوئی امکان نہیں ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ صوبائی حکومتوں کا فرض ہے کہ اشیاء ضروریہ کے مہنگا ہونے پر ایکشن لیں، آٹے کی بڑھتی قیمتوں سے عام آدمی بہت زیادہ پریشان ہے۔

ق لیگی سربراہ نے یہ بھی کہا کہ تمام لیڈر اکٹھے ہو کر ملکی مسائل خصوصاً مہنگائی کا مسئلہ حل کرنے کو اولیت دیں۔

ان کا کہنا تھا کہ سیاسی لیڈر اپنے اپنے سلوگن کی تشہیر کی بجائے عوام کو درپیش اجتماعی مسائل حل کریں۔

اس موقع پر عبدالغفور حیدری نے کہا کہ عمران خان نے ملک میں گالی کلچر کو فروغ دیا، عمرانی فتنے نے ملک کو ہر طرح سے نقصان پہنچایا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم حکومت گرتی ہوئی ملکی معیشت کو سہارا دے رہی ہے۔

قومی خبریں سے مزید