• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹھٹھہ: طویل غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے خلاف احتجاجی مظاہرہ و دھرنا

ٹھٹھہ(نامہ نگار)مکلی، ٹھٹھہ اور مضافات میں روزانہ 16 سے 18 گھنٹے کی طویل غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے خلاف شہریوں اور سول سوسائٹی کے کارکنوںنے سید رضوان شاہ، ڈاکٹر نثار عباسی، ڈاکٹر سعید احمد و دیگر کی قیادت میں احتجاجی مظاہرہ کیا اور دھرنا دیا۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے رہنمائوں نے کہا کہ حیسکو کی جانب سے سحر و افطار اور تراویح کے اوقات میں لوڈ شیڈنگ نہ کرنے کے حکومتی اعلان پر عمل نہیں کیا جا رہا ہے، سرکاری طور پر بجلی کی لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ 6 گھنٹے مقرر ہے لیکن حیسکو کی جانب سے ٹھٹھہ، مکلی اور دیگر ملحقہ علاقوں میں روزانہ 16 سے 18 گھنٹوں کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے، جس کے باعث شہری خصوصاً روزہ دار شدید مشکلات سے دوچار ہیں جبکہ بجلی کی مسلسل آنکھ مچولی کے باعث برقی آلات خراب ہو رہے ہیں جس کے باعث شہریوں کو لاکھوں روپے کا نقصان ہو رہا ہے، ایک جانب مسلسل لوڈ شیڈنگ کے باعث قلت آب کی صورتحال پیدا ہوگئی ہے، گھروں اور مساجد میں پینے اور وضو کے لیے پانی میسر نہیں ہے تو دوسری جانب لوڈ شیڈنگ کے باعث بازاروں میں کاروبار بھی شدید متاثر ہو رہا ہے، انہوں نے کہا کہ حکومت صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے بجلی کی فراہمی کو یقینی بنائے۔
تازہ ترین