• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پرویز الہٰی آج پنجاب اسمبلی میں اعتماد کا ووٹ لیں گے، فواد چوہدری

وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی آج پنجاب اسمبلی میں اعتماد کا ووٹ لیں گے، پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری نے 187 اراکین مکمل ہونے کا دعویٰ کیا ہے۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ الحمداللّٰہ 187 کا نمبر مکمل ہوگیا، ہمارا ایک رکن اسمبلی حافظ عمار چکوال سے نکل چکے ہیں، رکن اسمبلی حافظ عمار کا انتظار کر رہے ہیں۔

فواد چوہدری نے کہا کہ بہاولپور سے ایک اور رکن اسمبلی نکلے ہوئے ہیں ان کا بھی انتظار کر رہے ہیں، دونوں ارکان اسمبلی کے پہنچنے سے تعداد 187 ہوجائے گی۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ 187 ارکان اسمبلی کی تعداد 45 منٹ میں پوری ہوجائے گی، دونوں ارکان جیسے ہی پہنچ جائیں گے تو پرویز الہٰی کو اعتماد کا ووٹ دے دیں گے، اعتماد کا ووٹ خفیہ نہیں اوپن ہوتا ہے، عدالت کا حکم ہے کسی بھی وقت اعتماد کا ووٹ لیا جا سکتا ہے، اس وقت ہمارے نمبرز پورے ہیں۔

فواد چوہدری نے کہا کہ اگر آج اعتماد کا ووٹ لے لیا تو کل عدالت سے درخواست واپس لے لیں گے اور اسمبلی توڑنے کی ایڈوائس بھیج دیں گے، آج اعتماد کا ووٹ ہوگیا تو کل ہی خیبر پختونخوا، پنجاب اسمبلی توڑنے کی ایڈوائس بھیج دیں گے۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ اگر187 ارکان نہ ہوئے تو کل رن آف الیکشن ہوگا، دوبارہ وزیر اعلیٰ کا انتخاب ہوگا، وزیر اعلیٰ کا تین دن میں دوبارہ انتخاب ہوجائے گا، دوبارہ وزیر اعلیٰ منتخب ہونے کے بعد پنجاب اسمبلی توڑ دیں گے۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ آج ان شااللّٰہ پنجاب اسمبلی سے اعتماد کا ووٹ لے لیں گے، جیسے ہی آج دونوں اراکین پہنچ جائیں گے اعتماد کا ووٹ لیں گے، دونوں ارکان آج وقت پرنہیں پہنچ پائے تو زیادہ سے زیادہ کل اعتماد کا ووٹ ہوجائے گا۔

انہوں نے کہا کہ خرم لغاری سے بات ہوئی ہے وہ شاید رات تک پہنچ جائیں، ق لیگ کے 10 میں سے 8 ارکان ایوان میں موجود ہیں، پرویز الہٰی اورحافظ یاس عمار ابھی ایوان میں نہیں پہنچے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ عمران خان پر ریڈ لائن لگانے کی بات پرویز الہٰی اور دیگر لوگوں کو بتائی گئی تھی۔

انہوں نے مزید کہا کہ سندھ ہاؤس سے جو سلسلہ شروع ہوا تھا وہ بڑھتا جا رہا ہے، پرویز الہٰی کی آج عمران خان سے ملاقات ہوئی ہے، پرویز الہٰی بھی کچھ دیر میں پنجاب اسمبلی میں پہنچ رہے ہیں۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ زرداری صاحب نے یہاں سنجیدہ کوششیں کیں، شرجیل اور ناصر شاہ نے یہاں تماشہ لگایا، ہماری رکن اسمبلی راشدہ بیگم نے پرچہ کٹوا دیا ہے کہ کس طرح ان کو پیشکش کی گئی۔

قومی خبریں سے مزید