• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعلیٰ نے پنجاب اسمبلی توڑنے کی سمری پر دستخط کر دیے، فواد چوہدری

فواد چوہدری نے کہا کہ  پنجاب اسمبلی تحلیل کرنے کی ایڈوائس گورنر پنجاب کو بھجوا دی گئی۔ فوٹو فائل
فواد چوہدری نے کہا کہ  پنجاب اسمبلی تحلیل کرنے کی ایڈوائس گورنر پنجاب کو بھجوا دی گئی۔ فوٹو فائل

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ پنجاب اسمبلی توڑ دی گئی ہے۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ وزیراعلیٰ نے پنجاب اسمبلی تحلیل کرنے کی سمری پر دستخط کر دیے۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ  پنجاب اسمبلی تحلیل  کرنے کی ایڈوائس گورنر پنجاب کو بھجوا دی گئی،  گورنر اسمبلی تحلیل نہیں کرتے تو 48 گھنٹےمیں اسمبلی خود تحلیل ہوجائے گی۔

فواد چوہدری نے کہا کہ حمزہ شہباز کو خط لکھ کر عبوری حکومت بنانے  کا کہا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ق، پرویز الہٰی، مونس الہٰی کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔

پی ٹی آرئی رہنما نے مزید کہا کہ نگران حکومت کے قیام کیلئے حمزہ شہباز کو خط لکھنے جا رہے ہیں۔

فواد چوہدری نے  ایک دن بعد خیبر پختونخوا اسمبلی توڑنے کا اعلان بھی کیا۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب اور کے پی کے میں انتخابات ہونے جا رہے ہیں، وفاقی حکومت کو اپنے بل سے باہر آنا چاہیے،  اسپیکر کو بھی کہہ رہے ہیں ہمارے استعفے قبول کریں۔

پی ٹی آئی اجلاس میں فوری اسمبلی توڑنے پر اتفاق

اس سے قبل عمران خان کی زیر صدارت پی ٹی آئی کے اجلاس میں فوری اسمبلی توڑنے پر اتفاق کیا گیا۔

اجلاس کے شرکاء نے رائے دی تھی کہ پنجاب اسمبلی توڑنے میں دیر نہیں ہونی چاہیے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل پرویز الہٰی اور ق لیگ کے ارکان کی کل رات کی گفتگو کی اندرونی کہانی سامنے آئی۔

اندرونی کہانی کے مطابق ق لیگ ارکان نے پرویز الہٰی کو اسمبلی نہ توڑنے کی یقین دہانی پر اعتماد کا ووٹ دیا۔

ق لیگی اراکین کا کہنا تھا کہ ہم اعتماد کا ووٹ دیں، آپ اسمبلی توڑ دیں، یہ تو ٹھیک نہیں۔

ق لیگی ارکان نے ووٹ دینے سے پہلے پرویز الہٰی سے اسمبلی نہ توڑنے کا وعدہ لیا۔

قومی خبریں سے مزید