• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اولمپکس کوالیفائنگ رائونڈ،قومی باکسنگ ٹیم کل باکو روانہ ہوگی

کراچی (شکیل یامین کانگا /اسٹاف رپورٹر) امریکا سے تعلق رکھنے والے پاکستانی نژاد عمر چیمہ ورلڈ کوالیفائنگ رائونڈ فار ریو المپک کیلئے پاکستانی ٹیم میں شامل نہیں ہوں گے، پاکستان باکسنگ فیڈریشن نے کوالیفائنگ رائونڈ میں شرکت کیلئے سات باکسرز کی انٹری بھیجی تھی عمر کے ڈراپ ہونے سے اب باکسر چھ ویٹ کیٹگری میں حصہ لیں گے۔ جن میں سید محمد آصف، نعمت اللہ، احمد علی، محمد تنویر احمد، عامر خان اور اویس علی خان شامل ہیں۔ عامر خان کا پاسپورٹ بھی  ابھی تک فیڈریشن کو موصول نہیں ہوا، لیکن امکان ہے کہ روانگی سے قبل پاسپورٹ مل جائے گا اور وہ بھی ٹیم کے ہمراہ آزر بائی جان روانہ ہوجائیں گے۔ پاکستان کی دس رکنی ٹیم منگل 14 جون کی صبح اسلام اباد سے آزر بائی جانے کے شہر باکو روانہ ہوگی جہاں کوالیفائنگ رائونڈ کے مقابلے16 سے26 تک منعقد ہوں گے ان میں سو سے زائد ممالک کے باکسرز حصہ لے رہے ہیں۔ پاکستانی کھلاڑی جن ویٹ کیٹگریز میں حصہ لے رہے ہیں ان میں52  ویٹ کیٹگری میں سید محمد آصف،56  میں نعمت اللہ،60  میں احمد علی،69  میں عامر خان،75 میں محمد تنویر احمد، اور81 میں اویس علی خان شامل ہیں۔ ٹیم کے ساتھ ارشد حسین ہیڈ کوچ اور چوہدری طارق گجر کوچ اور ناصر تنگ منیجر کی حیثیت سے جائیں گے جبکہ آئی پی سی کا نمائندہ بھی شامل ہوگا۔ پاکستانی نژاد امریکی کھلاڑی عمر چیمہ کو 64 ویٹ کیٹگری میں شامل کیا گیا تھا لیکن پیٹ کی خرابی کے باعث وہ خود کو فٹ نہیں رکھ سکے، پاکستان باکسنگ فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل اقبال حسین کے مطابق ڈاکٹر نے انہیں میڈیکلی ان فٹ قرار دیدیا ہے جس کی وجہ سے سات کے بجائے پاکستان کے چھ باکسرز ورلڈ کوالیفائنگ رائونڈ میں شرکت کریں گے۔ 
تازہ ترین