پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے پارٹی کی مرکزی قیادت کا اجلاس آج طلب کر لیا۔
ذرائع کے مطابق عمران خان کو قومی اسمبلی میں ایم کیو ایم کی آئندہ حکمت عملی کا انتظار ہے، پی ٹی آئی چیئرمین کی حتمی منظوری کے بعد وزیر اعظم شہباز شریف کو صدر عارف علوی اعتماد کا ووٹ لینے کا کہیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیرِ اعلیٰ خیبرپختونخوا آج عمران خان سے زمان پارک میں ملاقات کریں گے، آج خیبرپختونخوا اسمبلی توڑنے کی ایڈوائس گورنر کو بھجوائے جانے کا امکان ہے۔
ذرائع نے کہا کہ گورنر پنجاب آج کسی بھی وقت اسمبلی توڑنے کی ایڈوائس پر دستخط کر دیں گے، وزیرِ اعلیٰ پنجاب نے جمعرات کی رات 10 بج کر 10منٹ پر اسمبلی توڑنے کی سمری بھجوائی تھی۔
وزیرِ اعلیٰ کی سمری کا 48 گھنٹے کا آئینی وقت آج رات 10 بج کر 10 منٹ پر ختم ہو جائے گا، گورنر دستخط نہیں بھی کرتے تو رات 10بج کر 11 منٹ پر پنجاب اسمبلی آئینی طور پر تحلیل تصور ہو گی۔
ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ اجلاس میں پی ٹی آئی قیادت آج پنجاب اور خیبرپختونخوا کے لیے نگراں سیٹ اپ سے متعلق بھی مشاورت کرے گی۔