• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اینڈی فلاور نے بابراعظم کو تینوں فارمیٹ کا بہترین کرکٹر قرار دیدیا

سابق انگلش کوچ اینڈی فلاور نے قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کو تینوں فارمیٹ کا بہترین کرکٹر قرار دیا ہے۔

دبئی میں پاکستانی صحافیوں سے گفتگو میں اینڈی فلاور نے کہا کہ میری نظر میں بابر اعظم تینوں فارمیٹ کے بہترین کرکٹر ہیں، وہ ہر فائنل الیون کا حصہ ہوسکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میں تو بابر اعظم کو ٹی ٹوئنٹی کا بہترین پلیئر سمجھتا ہوں، ہر طرح کے بیٹرز ٹی ٹوئنٹی کھیل سکتے ہیں، رنز بنانے کے کئی طریقے ہوتے ہیں۔

اینڈی فلاور نے مزید کہا کہ شان مسعود کو ملتان سلطانز میں کافی اچھا کپتان پایا تھا، نہیں معلوم اگر پاکستان شان کو کپتان بنانے پر غور کر رہا، لیکن وہ مضبوط شخص ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ چند سال کے دوران شان مسعود نے وائٹ بال کھیل کو کافی بہتر کیا ہے، پی ایس ایل نے اس کی کرکٹ کافی بہتر کی ہے۔

سابق انگلش کوچ نے یہ بھی کہا کہ انگلینڈ میں کرکٹ کھیل کر شان مسعود کے کھیل میں اور نکھار آیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دنیا میں ہر فارمیٹ کےلیے مختلف کوچنگ اسٹاف کا رکھنا معمول کی بات ہے، ٹی 20 فارمیٹ میں بڑے اور چھوٹے ملکوں کے درمیان فرق کافی کم رہ گیا ہے۔ کپتان اور کوچز اپنے اسکواڈ کو بیلنس رکھیں۔

اینڈی فلاور نے کہا کہ فرنچائز ٹورنامنٹ کی وجہ سے چھوٹے ملکوں کی کرکٹ کافی بہتر ہوئی ہے، مختصر فارمیٹ میں ایگریشن کے ساتھ تحمل مزاجی بھی ضروری ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ فی الحال فرنچائز کوچنگ انجوائے کر رہا ہوں، پاکستان کی کوچنگ کا کوئی ارادہ نہیں، پی سی بی میری مصروفیت سے واقف ہے، اس لیے رابطہ نہیں کیا۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید