پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے وزیراعظم شہباز شریف کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے کا فیصلہ کیا ہے۔
لاہور میں پی ٹی آئی قیادت کا اجلاس ہوا، اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں وزیراعظم شہباز شریف کے خلاف اعتماد کے ووٹ کی کارروائی کی منظوری دے دی گئی۔
عمران خان نے وفاقی حکومت کو ٹف ٹائم دینے کی حکمت عملی کی منظوری دے دی۔
عمران خان نے ضروری اقدامات کیلئے پارٹی رہنماؤں کو ہدایت کردی، نگراں سیٹ اپ کیلئے عمران خان نے کل پرویز الہٰی سے ملاقات کا فیصلہ کیا ہے۔
کل زمان پارک میں عمران خان اور پرویز الہٰی کی ملاقات ہوگی، ملاقات میں نگراں سیٹ اپ کیلئے ناموں پر مشاورت کی جائے گی۔
عمران خان مشاورت کے بعد پرویز الہٰی کو نگراں سیٹ اپ کیلئے نام دیں گے، سابق وزیراعظم نے عام انتخابات کیلئے ٹکٹوں کی منظوری کا عمل شروع کرنےکی منظوری دے دی۔
اعلامیہ کے مطابق ڈویژنل سطح پر پارٹی تنظیموں سے مضبوط امیدواروں کے نام مانگ لیے گئے ہیں۔
تنظیموں کی سفارشات پارلیمانی بورڈ میں پیش کرکے جلد امیدوار فائنل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
امیدواروں کو جلد گرین سگنل دے کر انتخابی میدان میں اترنے کی اجازت دے دی جائے گی۔