• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

توقع ہے سراج الحق سیاسی فیصلہ کریں گے: مولا بخش چانڈیو

—فائل فوٹو
—فائل فوٹو

پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما مولا بخش چانڈیو کا کہنا ہے کہ کراچی کے بلدیاتی انتخاب میں ایک دوسرے کے مینڈیٹ کا احترام کریں، سراج الحق سے توقع ہے کہ سیاسی فیصلہ کریں گے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ جماعتِ اسلامی کے مینڈیٹ کا احترام ہے، ہمارے مینڈیٹ کا بھی احترام کریں۔

ان کا کہنا ہے کہ کراچی کو آگ اور خون میں دوبارہ نہ دھکیلا جائے، ہم روشن خیال لوگ ہیں، کراچی کو امن اور سکون چاہیے۔

مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ کراچی میں سیاسی جماعتوں کا ماضی سب جانتے ہیں، ہم سب سے بات کرنے کے لیے تیار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کا بائیکاٹ کرنے والی جماعتوں کو انتخاب میں حصہ لینے کا مشورہ دیا، پیپلز پارٹی کے مخالفین گالیاں دینے سے باز نہیں آتے۔

پی پی رہنما نے کہا کہ پیپلز پارٹی بلدیاتی الیکشن جیتی ہے، اس کے خلاف سازش کو جمہوریت کے خلاف جنگ سمجھیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ایک مدت سے افراتفری پیدا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، پیپلز پارٹی کے روح میں جمہوریت ہے۔

مولا بخش چانڈیو نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کو تکبر لے ڈوبا ہے، وہ انگلی کے اشارے پر آئے تھے، انگلی کا اشارہ ہٹا ہے تو پی ٹی آئی اوقات میں آ گئی ہے۔

رہنما پیپلز پارٹی کا یہ بھی کہنا ہے کہ عمران خان نے سیاسی طور پر واپسی کا سفر شروع کر دیا ہے، نسل پرستی کا راستہ روکنے کے لیے مل بیٹھنے کے لیے تیار ہیں۔

قومی خبریں سے مزید