خیبرپختونخوا میں نگراں وزیراعلیٰ کون ہوگا؟ پی ٹی آئی نے 2 شخصیات پر اتفاق کرلیا، حتمی منظوری عمران خان دیں گے۔
نگراں وزیراعلیٰ کی تقرری کے معاملے پر پی ٹی آئی نے مختلف ناموں پر غور کیا، اس دوران صوبائی حکومت نے 2 ریٹائرڈ بیورو کریٹس صاحبزادہ سعید اور جاوید اقبال کے ناموں پر غور کیا۔
پارٹی ذرائع کے مطابق نگراں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کےلیے پی ٹی آئی نے 2 شخصیات پر اتفاق کرلیا ہے، جس کی حتمی منظوری عمران خان دیں گے۔
ذرائع کے مطابق جاوید اقبال خیبرپختونخوا کے چیف سیکریٹری جبکہ صاحبزادہ سعید اہم عہدوں پر کام کرچکے ہیں، وہ پی ٹی آئی کے دور حکومت میں وزیراعلیٰ کے مشیر بھی رہ چکے ہیں۔
ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ محمود خان آج اپوزیشن لیڈر اکرم درانی سے اپنی ملاقات کے دوران یہ 2 نام پیش کریں گے۔
ذرائع کے مطابق اپوزیشن نے نگراں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے لیے سابق آئی جی ظفر اللّٰہ خان اور سابق چیف جسٹس دوست محمد کا نام تجویز کیا ہے۔