مظفر گڑھ میں کم عمر لڑکوں کو پاؤں چومنے پر مجبور کرنے اور غیرقانونی پنچایت کے معاملے پر پولیس نے مقدمہ درج کرلیا۔
پولیس ترجمان کے مطابق ہتک آمیز سلوک کے دو واقعات میں ملوث 13 سے 15 سال عمر کے 4 لڑکوں اور پنچایت کے 27 شرکاء کے خلاف تھانہ خانگڑھ میں پولیس کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق واقعے میں نامزد 4 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے جبکہ دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے کوششیں جاری ہیں۔
15 اکتوبر کو لڑائی جھگڑے کے بعد 3 لڑکوں نے ایک لڑکے کو باندھ کر تشدد کا نشانہ بنایا تھا۔ الزام ہے کہ تشدد کے بعد متاثرہ لڑکے کو ملزمان کے پاؤں چومنے پر مجبور کیا گیا۔ واقعے کی ویڈیوز بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ 21 اکتوبر کو معاملہ اہل علاقہ کی پنچایت میں لے جایا گیا، جہاں لوگوں کی موجودگی میں تین لڑکوں کو متاثرہ لڑکے کے پاؤں چومنے اور معافی مانگنے پر مجبور کیا گیا، گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے۔