پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مرکزی رہنما اور سابق وفاقی وزیر حماد اظہر نے جمہوری عمل میں مداخلت کرنے والوں کے خلاف آرٹیکل 6 کا مقدمہ بنوانے کا اعلان کردیا۔
زمان پارک لاہور میں فواد چوہدری کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو میں حماد اظہر نے کہا کہ نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کے خلاف عدالت میں جاکر ثبوت دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی محسن نقوی کے خلاف عدالت جائے گی اور وہاں نگراں وزیراعلیٰ کی جانبداری اور کرپشن کے ثبوت پیش کرے گی۔
پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کہ جو لوگ نگراں سیٹ کا حصہ بننے جارہے ہیں ان کے لیے پیغام ہے، جو لوگ جمہوری عمل میں مداخلت کریں گے، ان کے خلاف غداری کا مقدمہ بنایا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ جو نگراں حکومت کا حصہ بننے جارہے ہیں انہوں نے جانبداری دکھائی تو ان کو سزا دلا کر دکھائیں گے ۔
حماد اظہر نے یہ بھی کہا کہ گورنر پنجاب بلیغ الرحمان کو بتانا چاہتا ہوں اگر آرٹیکل 6 لگا تو کوئی پھر آپ کے لیے نہیں نکلے گا۔
انہوں نے کہا کہ وزیر توانائی خرم دستگیر کے حکم پر پلانٹس بند کر کے ملک کو اندھیروں میں ڈبو دیا گیا، ان کا کوئی وزیر کام کرنے کو تیار نہیں صرف فیتے کاٹتے ہیں۔