• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ترکی کا نیٹو رکنیت کیلئے سوئیڈن کی حمایت سے انکار، فن لینڈ سے مذاکرات بھی معطل کردیئے

استنبول (اےایف پی، جنگ نیوز) سویڈن میں قرآن مجید کی بے حرمتی کے بعد ترکیہ کے صدر رجب طیب ایردوان نے سوئیڈن کو کہا ہے کہ وہ اب نیٹو میں رکنیت کے لئے ترکیہ کی حمایت کی توقع نہ رکھے، سوئیڈن کو مخاطب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ دہشتگرد تنظیموں کے اراکین اور اسلام مخالف افراد سے ہی اپنے ملک کی سکیورٹی کیلئے مدد طلب کریں ، ترکی نے منگل کے روز سوئیڈن اور فن لینڈ کی نیٹو میں شمولیت کیلئے دونوں ممالک کیساتھ طے شدہ مذاکرات بھی معطل کردیئے ہیں ، ترکی کے یہ دونوں پڑوسی ممالک روسی جارحیت کے پیش نظر مغربی دفاعی اتحاد میں شمولیت کے خواہاں ہیں تاہم ان کی اس کوشش کو ایک اور دھچکا لگا ہے ، ترک سفارتی ذریعہ نے بتایا ہے کہ تینوں ممالک کا مشترکہ اجلاس فروری میں ہونا تھا تاہم اب اسے آگے بڑھادیا گیا ہے تاہم مزید تفصیلات نہیں بتائی گئیں ، واضح رہے کہ فن لینڈ کی 1300 کلو میٹر کی سرحد روس کیساتھ ملتی ہے، فن لینڈ اور سوئیڈن دونوں نے کسی بھی عسکری اتحاد میں شامل نہ ہونے کی اپنی دہائیوں پرانی فوجی پالیسی تبدیل کرتے ہوئے مشترکہ طور پر نیٹو میں شامل ہونے کی درخواست کررکھی ہے، نیٹو کے 30 ارکان میں سے 28 ارکان نے دونوں ممالک کی شمولیت کی توثیق کردی ہے تاہم شمولیت کیلئے تمام 30 ارکان کی توثیق لازمی ہے جبکہ ترکی ان دونوں ممالک کی شمولیت کی مخالفت کررہا ہے، ہنگری کے وزیراعظم نے وعدہ کیا ہے کہ وہ دونوں ممالک کی شمولیت کی حمایت کریں گے تاہم صدر ایردوان ان کی مخالفت پر ڈٹے ہوئے ہیں۔

دنیا بھر سے سے مزید