• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آپ نے الیکشن کرانے ہیں یا پرچے کاٹنے ہیں؟ شیخ رشید کا چیف الیکشن کمشنر سے سوال

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے چیف الیکشن کمشنر سے سوال پوچھ لیا۔

جیو نیوز کے پروگرام آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ میں گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ وہ چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ سے پوچھنا چاہتے ہیں کہ آپ نے الیکشن کرانے ہیں یا پرچے کاٹنے ہیں؟

انہوں نے کہا کہ میں نے عمران خان کو بتایا کہ یہ لوگ آپ کو زہر دے سکتے ہیں، اگر الیکشن نہیں ہوئے تو یہ ملک سنبھالنا کسی کے بس کی بات نہیں ہوگی۔

سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ 75 سال میں کوئی حکومت اپنی مدت پوری نہیں کرسکی، یہ جو کام کررہے ہیں وہ عمران خان کے حق میں جا رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کیا آج تک بغاوت کے مقدمے میں کسی کو سزا ہوئی ہے؟ فوج کو سمجھنا چاہیے عوام بغاوت کی طرف جا رہے ہیں۔

شیخ رشید نے مزید کہا کہ بہتر ہے الیکشن کمیشن انتخابات کی طرف جائے دو اسمبلیاں تحلیل ہوچکی ہیں، صوبوں میں الیکشن کےلیے تو عمران خان نے راہ ہموار کردی۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ ان کا ایجنڈا عمران خان کی مقبولیت کو سائیڈ پر کرنا ہے، فواد چودھری کے بھائی اور کزن کیمرے پر ہیں اور سیاست کیا ہوتی ہے۔

سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ نواز شریف وطن واپس آئیں آٹے دال کا بھاؤ معلوم ہوجائے گا، اگر الیکشن نہیں ہورہے تو پھر ملک سنبھالنا کسی کے بس کی بات نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ محسن نقوی سابق صدر آصف زرداری کا فرنٹ مین ہے، سب کو ٹرک کی بتی کی طرح محسن نقوی کے پیچھے لگا دیا گیا۔

شیخ رشید نے کہا کہ کیا پدی کیا پدی کا شوربہ، صبح عمران خان کو کہوں گا کہ نگراں وزیراعلیٰ پنجاب کا نام نہ لیں۔

قومی خبریں سے مزید