چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ فواد چوہدری نے کسی کو منشی کہہ دیا تو کون سا جرم کردیا۔
فواد چوہدری کی گرفتاری کے بعد قوم سے خطاب میں عمران خان نے کہا کہ جو قومیں صرف کمزوروں کو جیل میں ڈالتی ہیں، وہ تباہ ہوجاتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ظلم اور ناانصافی کے خلاف کھڑا ہونا جہاد ہے، مدینہ کی ریاست میں عدل و انصاف آیا پھر خوشحالی آئی۔
پی ٹی آئی چیئرمین نے مزید کہا کہ فواد چوہدری کو کیوں گرفتار کیا گیا؟ صرف اس لیے کہ اُس نے کسی کو منشی کہہ دیا ہے، ایسا کہا بھی تو کونسا جرم کردیا؟
ان کا کہنا تھا کہ میری آواز بھی بند کرنے کی کوشش کی جار ہی ہے، قوم کو کہہ رہا ہوں آپ کا مستقبل آپ کے ہاتھ میں ہے۔
عمران خان نے کہا کہ عدلیہ اور وکلا برادری سے مخاطب ہوں، اللہ نے آپ کو بڑی ذمہ داری سونپی ہے،قانون و انصاف کی دھجیاں اڑائی جا رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جس طرف یہ لے کر جا رہے ہیں ملک کا کوئی مستقبل نہیں، معزز ججز اور وکلا سے اپیل کر رہا ہوں، میں آپ سب کےلیے کھڑا ہوا، میری ساری جدوجہد آپ کےلیے رہی ہے۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ میں یقین دلاتا ہوں مجھے جیل سے کوئی ڈر نہیں ہے، موت بہت قریب سے دیکھی ہے، جب اللہ کا فیصلہ ہوگا، ٹائم نہ آگے ہوگا نہ پیچھے، مجھے اس کی کوئی فکر نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ عوام اللّٰہ کے بعد اس ملک کے وارث ہیں، نیلسن منڈیلا نے پتے کی بات کی غربت کم کرنی ہے تو پہلے انصاف لے کر آؤ۔
عمران خان نے کہا کہ 26 سالہ سیاست میں کئی چیزیں دہرا چکا ہوں، لوگوں کو اب کئی چیزوں کی سمجھ آنا شروع ہوگئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ قوم اس وقت بڑے خطرناک موڑ پر کھڑی ہے، کسی وزیراعظم کو حکومت سے نکلنے کے بعد وہ عزت نہیں ملی جو مجھے ملی۔