سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما فواد چوہدری سے متعلق بیان پر معذرت کرلی۔
خیال رہے کہ لاہور میں مسلم لیگ (ق) کے اجلاس کے بعد خطاب کرتے ہوئے چوہدری پرویز الہٰی نے کہا تھا کہ عمران خان کے قریب جو لوگ تھے انہوں نے پارٹی کی جڑ ہی کاٹی۔
پرویز الہٰی کا کہنا تھا کہ چار پانچ قریبی لوگوں میں سے ایک پکڑا گیا، پہلے پکڑا جاتا تو کام ٹھیک رہتا۔
ان کے اس کے بیان پر ردِ عمل دیتے ہوئے تحریک انصاف کے رہنما حماد اظہر نے کہا تھا کہ ہم اتحاد کی قدر کرتے ہیں لیکن روایتی اور سودے بازی کی سیاست کو رد کرتے ہیں۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ کل فواد چوہدری کا کوئی نقصان نہیں ہوا، وہ قوم کا ہیرو بنا ہے۔
تاہم اب اس معاملے پر چوہدری پرویز الہٰی نے معذرت کرلی۔
اپنے بیان میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ آج دوران تقریر فواد چوہدری کے متعلق جو گفتگو ہوئی اس پر معذرت خواہ ہوں۔
انہوں نے کہا کہ فواد چوہدری کی پوری فیملی سے ہمارے دیرینہ تعلقات ہیں۔ میرے بیان سے ان کی فیملی کو دکھ پہنچا جس پر معذرت خواہ ہوں۔