• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پیٹرول قیمت میں اضافہ، پرویز الہٰی کی وفاقی حکومت پر تنقید

سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد وفاقی حکومت کو ہدف تنقید بنالیا۔

سابق وفاقی وزیر اور پی ٹی آئی کے رہنما بریگیڈیئر (ر) اعجاز شاہ نے لاہور میں چوہدری پرویز الہٰی سے ملاقات کی۔

ملاقات میں ملکی سیاسی اور معاشی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا، اس دوران سابق وزیراعلیٰ پنجاب نے وفاقی حکومت پر تنقید کی۔

انہوں نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا کریڈٹ نواز شریف اور مریم نواز کو جاتا ہے۔

پرویز الہٰی نے مزید کہا کہ مریم نواز کی واپسی پر پیٹرول 35 روپے فی لیٹر مہنگا کر کے قوم کو سلامی دی گئی۔

ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت میں گورننس نہ ہونے کے باعث روز عوام کو مہنگائی کے نئے طوفان کا سامنا ہے۔

سابق وزیراعلیٰ پنجاب نے یہ بھی کہا کہ مہنگائی کا جن بے قابو، امن وامان کی صورتحال تباہ اور جرائم میں تیزی سے اضافہ ہوچکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کو انتقامی کارروائیوں سے فرصت نہیں یہ ملک کو ڈیفالٹ کی طرف لے کر جارہے ہیں۔

چوہدری پرویز الہٰی نے کہا کہ ڈیولپمنٹ منصوبوں سے روزگار کے مواقع پیدا ہو رہے تھے وہ بھی بند ہوگئے، محسن نقوی کی حکومت میں بیروزگاری میں مزید اضافہ ہو رہا ہے۔

قومی خبریں سے مزید